QR CodeQR Code

اسپیکر قومی اسمبلی سے حزب وحدت اسلامی افغانستان کے چیئرمین کی ملاقات

11 Jan 2021 22:45

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات اخوت، بھائی چارے، تاریخ اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ پاکستان افغانستان میں طے پانے والے امن معاہدے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور محمد یعقوب شیخ سے افغان حزب وحدت اسلامی کے رہنماء محمد کریم خلیلی نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات اخوت، بھائی چارے، تاریخ اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ پاکستان افغانستان میں طے پانے والے امن معاہدے  کی مکمل حمایت کرتا ہے، کیونکہ قیام امن سے افغانستان سمیت خطے میں امن و خوشحالی کے دور کا آغاز ہوگا۔ امن عمل میں مثبت پیشرفت افغان قیادت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک افغان دوستی گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے دو طرفہ تعلقات اور ٹرانزٹ ٹریڈ میں حائل ٹیرف اور دیگر رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران پاکستان نے اپنے افغان بھائیوں کے لئے سرحدیں کھلی رکھیں تھیں۔ افغانستان وسطی ایشیاء تک سی پیک کے فوائد کو پہنچانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ حزب وحدت اسلامی کے چیئرمین محمد کریم خلیلی نے افغانستان میں امن کے قیام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پوری افغان قوم افغان مہاجرین کی طویل مدتی مہمان نوازی پر پاکستان کا شکر گزار ہے۔ سیاسی قیادت اور عوام کو مزید قریب لانے میں اسپیکر اسد قیصر کے کردار کو سراہا ہوں۔


خبر کا کوڈ: 909568

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909568/اسپیکر-قومی-اسمبلی-سے-حزب-وحدت-اسلامی-افغانستان-کے-چیئرمین-کی-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org