QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا حکومت کا کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کے دو مائننگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ

11 Jan 2021 23:10

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت بھی اس حوالے اقدامات کرے کیونکہ اس وقت پوری دنیا بہت تیزی سے اس کرنسی کی جانب مائل ہے، اس میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں کرپٹو کرنسی (بٹ کوائن) کے دو مائننگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈیجیٹل کرنسی بنانے کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی۔ کرپٹو کرنسی یعنی وہ ڈیجیٹل کرنسی جو حکومتوں اور وفاقی بینکوں کے قواعد کی پابندیوں سے مستثنیٰ ہوتی ہیں اور انہیں خود سے بنایا جا سکتا ہے اور انفرادی طور پر استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ حکومت نے دو کرپٹو کرنسی (بٹ کوائن مائننگ) پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور ڈیجیٹل کرنسی بنانے کے لیے کاروباری افراد کو این او سی بھی جاری کریں گے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت بھی اس حوالے اقدامات کرے کیونکہ اس وقت پوری دنیا بہت تیزی سے اس کرنسی کی جانب مائل ہے، اس میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی سے بھی اس بل کو منظور کیا جا چکا ہے، حکومت نے ڈیجیٹل کرنسی بنانے کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو لگتا ہے کہ ڈیجیٹل کرنسی کی مائننگ کے شعبے میں پاکستان کو پیچھے نہیں رہنا چاہیئے۔ اس وقت دنیا بھر میں زیر گردش ایک کروڑ 11 لاکھ بٹ کوائنز ہیں جن میں روزانہ 90 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلا قدم کے پی حکومت نے اٹھا لیا ہے، امید ہےکہ دوسرے صوبے بھی اس سلسلے میں ان کی پیروی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 16 دسمبر 2020ء کے بعد سے اب تک اس کی قیمت میں 13 ہزار ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 909573

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909573/خیبر-پختونخوا-حکومت-کا-کرپٹو-کرنسی-بٹ-کوائن-کے-دو-مائننگ-پلانٹ-لگانے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org