QR CodeQR Code

انصاراللہ یمن کو دہشتگرد تنظیم قرار دینا چاہتے ہیں، مائیک پمپیو

11 Jan 2021 23:40

اپنے ایک بیان میں امریکی وزیر خارجہ نے واضح طور پر اعتراف کیا ہے کہ امریکہ کیجانب سے انصاراللہ یمن کو دہشتگرد تنظیم قرار دیدیئے جانے کیبعد یمن میں موجود انسانی بحران کہیں زیادہ شدید ہو جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی حکومت یمنی مزاحمتی فورس انصاراللہ کو دہشتگرد قرار دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ انصاراللہ یمن کے تین مرکزی رہنماؤں عبدالملک بدرالدین الحوثی، عبدالخالق بدرالدین الحوثی اور عبداللہ یحییٰ الحکیم کو بین الاقوامی دہشتگرد قرار دے دیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق اس بیان میں امریکی وزیر خارجہ نے واضح طور پر اعتراف کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے انصاراللہ یمن کو دہشتگرد تنظیم قرار دے دیئے جانے کے بعد یمن میں موجود انسانی بحران کہیں زیادہ شدید ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ جمہوریت و آزادی کے داعی ملک امریکہ کے وزیر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب یمن میں قانونی طور پر منتخب ہونے والی انصاراللہ کی جمہوری حکومت کے خلاف امریکہ کی صف اول کی اتحادی سعودی شاہی رژیم اور اس کے فوجی اتحاد کی جانب سے گذشتہ 6 سال سے وسیع جنگ مسلط کی جا چکی ہے، جس کے دوران ہونے والی وحشیانہ بمباری اور سخت ترین سرحدی محاصرے کے باعث نہ صرف یمن کا انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے بلکہ عورتوں، بچوں اور مریضوں سمیت ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور لاکھوں زخمی ہوچکے ہیں۔ یاد رہے کہ اس حوالے سے انصاراللہ یمن کے ترجمان محمد عبدالسلام یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کو جانبدار قرار دیتے ہوئے بارہا اعلان کرچکے ہیں کہ مارٹن گریفیٹس جارح عالمی طاقتوں کی شہ پر یمنی عوام کے رنج و الم سے لاپرواہی برتتے ہوئے بے نتیجہ مذاکرات کے ذریعے یمنی قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے میں مصروف ہیں۔


خبر کا کوڈ: 909578

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909578/انصاراللہ-یمن-کو-دہشتگرد-تنظیم-قرار-دینا-چاہتے-ہیں-مائیک-پمپیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org