0
Tuesday 12 Jan 2021 12:15

کراچی میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی کا خطرہ، پولیس ہائی الرٹ

کراچی میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی کا خطرہ، پولیس ہائی الرٹ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں مشتبہ سفید گاڑی کے داخل ہونے کی اطلاع پر پولیس الرٹ ہوگئی اور شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب شہر بھر میں اچانک اسنیپ چیکنگ بڑھا دی گئی، پولیس کی بھاری نفری بھی جگہ جگہ تعینات کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کو انٹیلی جنس اطلاع ملی ہے کہ شہر میں سفید رنگ کی ایک مشتبہ گاڑی داخل ہو چکی ہے، جس کے ذریعے دہشتگردی کی کوئی بڑی واردات کی جا سکتی ہے، لہٰذا اس سفید کرولا کو جلد از جلد تلاش کیا جائے۔ انٹیلی جنس اطلاع کے تناظر میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی جانب سے فوری احکامات دیے گئے کہ تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سڑکوں پر موجود رہیں، جبکہ اسنیپ چیکنگ فوری طور پر بڑھا دی جائے۔ احکامات ملتے ہی کراچی پولیس الرٹ ہوگئی اور شہر بھر میں باقاعدہ طور پر ناکے لگا دیئے گئے، گاڑیوں کی اسنیپ چیکنگ بڑھا دی گئی، جبکہ خصوصی طور پر سفید رنگ کی گاڑیوں اور کرولا ماڈل کی گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔

ڈیفنس، کلفٹن، گذری، درخشاں، میٹرو پول، صدر، نمائش، گرومندر، نیو پریڈی اسٹریٹ، لیاقت آباد دس نمبر، لیاقت آباد ڈاکخانہ، راشد منہاس روڈ، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ٹاور اور دیگر شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری رات بھر تعینات رہی، جبکہ اس دوران تمام ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز بھی سڑکوں پر موجود رہے، تاہم کوئی مشکوک گاڑی نہیں مل سکی۔ یاد رہے کہ کراچی میں پہلے ہی ایک سفید کرولا گینگ انتہائی سرگرم ہے، جس نے نہ صرف لوٹ مار کی وارداتیں کی ہیں، بلکہ اس گینگ کے کارندے ڈکیتی کے دوران قتل سے بھی نہیں چوکتے، جبکہ چند روز قبل ہی انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے اطلاع فراہم کی گئی ہے کہ دہشتگرد شہر میں کسی بڑی دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں کسی سرکاری دفتر کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 909629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش