QR CodeQR Code

وفاقی دارالحکومت میں تنظیموں کے احتجاج کی نگرانی کیلئے 5 وزرا پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل

12 Jan 2021 12:49

وزارت داخلہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر دفاع پرویز خٹک شامل ہوں گے۔ 


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم عمران خان نے دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کے لیے 5 وزرا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔ وزارت داخلہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر دفاع پرویز خٹک شامل ہوں گے۔ ان کے علاوہ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اور وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ کمیٹی وفاقی دارالحکومت میں مختلف تنظیموں اور گروپوں کی جانب سے احتجاج کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کرے گی۔

یاد رہے کہ فرانس میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی ﷺ کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر تحریک لبیک پاکستان نے گزشتہ سال نومبر میں اسلام آباد میں احتجاج کیا تھا، جسے حکومت کے ساتھ معاہدے کے بعد ختم کردیا گیا تھا۔ قبل ازیں اکتوبر میں اسلام آباد میں ٹریڈ یونینز، مزدور اتحاد، ٹیچرز اور نرسوں کی مختلف تنظیموں کے ہزاروں کارکنوں نے مہنگائی، سستی اشیا کی فراہمی، تنخواہوں میں اضافے، سرکاری رہائش گاہوں سے ملازمین کی بے دخلی سمیت دیگر مطالبات کے حق میں ڈی چوک اور پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا تھا۔ واضح رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 31 جنوری تک مستعفی نہ ہونے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے خلاف اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔


خبر کا کوڈ: 909639

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909639/وفاقی-دارالحکومت-میں-تنظیموں-کے-احتجاج-کی-نگرانی-کیلئے-5-وزرا-پر-مشتمل-کمیٹی-تشکیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org