QR CodeQR Code

نندی پور پاور ریفرنس میں بابر اعوان اور دیگر ملزمان کی بریت کا فیصلہ درست قرار

12 Jan 2021 15:35

عدالت عالیہ نے وزیر اعظم عمران خان کے مشیر بابر اعوان اور جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی کی بریت کا فیصلہ درست قرار دیا، اس کے علاوہ عدالت نے مسعود چشتی کی بریت مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بھی بری کرنے کا حکم دے دیا۔


اسلام ٹائمز۔ ہائی کورٹ نے نندی پور پاور ریفرنس میں بابر اعوان اور دیگر ملزمان کی بریت کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔ چیف جسٹس اسلام ؤباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے نندی پور پاور ریفرنس میں بابر اعوان اور دیگر ملزمان کی بریت سے متعلق احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف نیب اپیلوں پر سماعت کی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد گزشتہ سماعت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے آج سنایا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے احتساب عدالت کے فیصلے کو درست قرار دے دیا۔ عدالت عالیہ نے وزیر اعظم عمران خان کے مشیر بابر اعوان اور جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی کی بریت کا فیصلہ درست قرار دیا، اس کے علاوہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسعود چشتی کی بریت مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بھی بری کرنے کا حکم دے دیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں بجلی کے بحران سے نمٹنے کے لیے گوجرانوالہ کے قریب نندی پور کے مقام پر نئے بجلی گھر کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا تھا، منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 27 ارب روپے تھا، سرکاری محکموں کے درمیان باہمی چپقلش کے باعث اس کی تعمیر 2 سال کا شکار رہی اور اس دوران کراچی پورٹ پر 85 ملین ڈالر کی مشینری پڑی زنگ آلود ہو تی رہی، وقت گزرنے کے باعث اس کی تعمیری لاگت بڑھ گئی۔


خبر کا کوڈ: 909662

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909662/نندی-پور-پاور-ریفرنس-میں-بابر-اعوان-اور-دیگر-ملزمان-کی-بریت-کا-فیصلہ-درست-قرار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org