QR CodeQR Code

کورونا کے چیلنج کے باوجود پاکستان کی معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے، ڈاکٹر عارف علوی

12 Jan 2021 16:02

اسلام آباد میں ملاقات کے دوران صدر مملکت نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ خصوصی افراد کو انکی صلاحیتوں اور قابلیت کے مطابق ملازمت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں، موجودہ حکومت کاروباری طبقے کے مسائل سے آگاہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا کے چیلنج کے باوجود پاکستان کی معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے، حکومت کاروباری طبقے کے مسائل سے آگاہ ہے اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ اسلام آباد میں تاجروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی وبا کے دوران کاروباری طبقے اور کمزور طبقات کیلئے 1.2 کھرب کا معاشی پیکیج فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے دوران معیشت کو وبا کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے کھلا رکھا ہے، یہی وجہ ہے کہ کورونا کے باوجود پاکستانی معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ملکی برآمدات میں بڑھوتری اور ترسیلات زر میں 24.9 فیصد اضافہ ملکی معیشت میں بہتری کی علامات ہیں۔ صدر عارف علوی نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ خصوصی افراد کو انکی صلاحیتوں اور قابلیت کے مطابق ملازمت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں، موجودہ حکومت کاروباری طبقے کے مسائل سے آگاہ ہے اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ اس موقع پر تجارتی وفد نے حکومتی کاروبار دوست پالیسیوں اور کورونا کے دوران ریلیف پیکیج کی تعریف کی۔


خبر کا کوڈ: 909667

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909667/کورونا-کے-چیلنج-باوجود-پاکستان-کی-معیشت-بحالی-راہ-پر-گامزن-ہے-ڈاکٹر-عارف-علوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org