QR CodeQR Code

بھارت، زرعی قوانین کے نفاذ پر سپریم کورٹ کا تا حکم ثانی معطلی کا حکم

12 Jan 2021 18:46

عدالت نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس قانون پر روک لگانے کا اختیار ہے لیکن ہم اس پر مستقل پابندی عائد نہیں کرینگے بلکہ یہ پابندی عبوری ہوگی۔ زرعی قوانین کی مخالفت میں کسانوں کیجانب سے گذشتہ 47 دنوں سے احتجاج جاری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی عدالت عظمٰی نے منگل کو اپنے فیصلے میں تینوں زرعی قوانین کے نفاذ کو تاحکم ثانی معطل رکھنے کے احکامات صادر کر لئے۔ زرعی قوانین کو منسوخ کرانے نیز ان سے جڑے دیگر امور پر عدالت عظمٰی میں سماعت آج مکمل ہوگئی اور کورٹ نے تینوں قوانین پر اگلے احکامات تک پابندی عائد کردی۔ عدالت عظمٰی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایک کمیٹی کی تشکیل کی جائے گی جو عدالت کی نگرانی میں کام کرے گی اور کمیٹی میں کن لوگوں کو شامل کیا جائے گا اس کا فیصلہ بھی عدالت ہی کرے گی۔

عدالت نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس قانون پر روک لگانے کا اختیار ہے لیکن ہم اس پر مستقل پابندی عائد نہیں کریں گے بلکہ یہ پابندی عبوری ہوگی۔ زرعی قوانین کی مخالفت میں کسانوں کی جانب سے گذشتہ 47 دنوں سے احتجاج جاری ہے۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی سرحد سنگھو بارڈر، ٹیکری بارڈ سمیت دیگر مقامات پر کسان جمے ہوئے ہیں اور ان قوانین کو منسوخ کرانے کے لئے بضد ہیں۔ واضح رہے کہ عدالت عظمٰی نے گزشتہ روز ہی عندیہ دیا تھا کہ وہ اس مسئلہ کو جلد حل کرنے کی کوشش کرے گی۔ عدالت نے بھارتی حکومت کے رویے پر شدید نکتہ چینی کی تھی اور واضح لفظوں میں کہا تھا کہ ہم اس معاملے کا تصفیہ چاہتے ہیں۔ آپ جس طرح معاملے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سے ہم خوش نہیں ہیں، اس کا جلد از جلد حل نکالا جانا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 909696

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909696/بھارت-زرعی-قوانین-کے-نفاذ-پر-سپریم-کورٹ-کا-حکم-ثانی-معطلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org