QR CodeQR Code

چین پاکستان اتحاد بھارت کیلئے خطرہ ہے، بھارتی فوجی سربراہ

12 Jan 2021 18:59

آرمی ڈے سے پہلے آج سالانہ پریس کانفرنس میں جنرل نارونے نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اتحاد مضبوط ہورہا ہے اور یہ نہ صرف فوج بلکہ سول شعبوں میں بھی بڑھ رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مشرقی لداخ میں دس ماہ سے زیادہ عرصہ سے چین کے ساتھ جاری تعطل کے درمیان آرمی چیف جنرل منوج مکنڈ نارونے نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے اتحاد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اب اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ ہندوستان کے لئے ایک بہت بڑا خطرہ ہے، جس کے لئے ہر سطح پر طاقت اور صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ آرمی ڈے سے پہلے آج سالانہ پریس کانفرنس میں جنرل نارونے نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اتحاد مضبوط ہورہا ہے اور یہ نہ صرف فوج بلکہ سول شعبوں میں بھی بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ زمین پر دکھائی دے رہا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ اتحاد ہندوستان کے لئے خطرہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے فوجی صلاحیت اور طاقت میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ملک کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ فوج دونوں محاذوں پر بیک وقت کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے قابل ہے۔ فوج کی تیاری اور حوصلے بہت زیادہ ہیں اور کسی بھی چیز کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ فوج کسی بھی اندرونی اور بیرونی خطرے سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ چین کے ساتھ لائن آف ایکچول کنٹرول پر تعطل کے درمیان چین کی جانب سے بڑی تعداد میں فوجیوں کے انخلاء کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے واضح کیا کہ تنازعہ کے علاقوں میں تعینات دونوں ممالک کے فوجیوں کی تعداد میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے اور دونوں ممالک کی فوجیں آمنے سامنے ہیں۔  یاد رہے کہ بھارت اور چین کے درمیان گذشتہ نو ماہ سے کشیدگی چل رہی ہے اگرچہ دونوں کے مابین بات چیت کے کئی ادوار بھی ہوئے لیکن ابھی تک ان کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 909697

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909697/چین-پاکستان-اتحاد-بھارت-کیلئے-خطرہ-ہے-بھارتی-فوجی-سربراہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org