QR CodeQR Code

ہائیکورٹ، سینٹ کے حلف نامے میں ختم نبوت کی شق کے حوالے سے دائر رٹ خارج

12 Jan 2021 19:28

جسٹس اطہر من اللہ نے ریماکس دیتے ہوئے کہا کہ 22 کروڑ عوام ہیں، جو آئین کو پڑھتے ہیں اگر ہر بندہ اپنی مرضی کی رٹ لے کر آنے لگ جائے کا تو عدالت کے نظام کو چلانا مشکل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آپ قومی اسمبلی اور نمائندہ سینیٹ کے ذریعے یہ آواز اٹھائیں اور اراکین اسمبلی اور پرائیویٹ طور پر یہ قانون بنوائیں، کیوں کہ عدالت کا یہ اختیار نہیں کہ وہ اس پر کوئی ڈائریکشن جاری کرے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مجلس احرار اسلام پاکستان کی طرف سے سینٹ کے حلف نامے میں ختم نبوت کی شق کے حوالے سے دائر کی گئی رٹ خارج کر دی ہے، جو چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں دائر کی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے اپنی جماعت کی جانب سے رٹ پٹیشن دائر کر رکھی تھی کہ جس طرح صدر کے حلف نامے میں ختم نبوت کی عبارت موجود ہے، اسی طرح چئرمین سینٹ، قومی اسمبلی کے سپیکر اور وفاقی شرعی عدالت کے جج کے حلف ناموں میں بھی شق ہونی چاہیے، رٹ کی سماعت کی پہلی پیشی میں ایڈووکیٹ شیر افضل خان بابر اور مجلس احرار اسلام پنجاب کے سیکرٹری جنرل مولانا تنویر الحسن احرار پیش ہوئے، اس پیشی میں جسٹس اطہر من اللہ نے ریماکس دیتے ہوئے کہا کہ 22 کروڑ عوام ہیں، جو آئین کو پڑھتے ہیں اگر ہر بندہ اپنی مرضی کی رٹ لے کر آنے لگ جائے کا تو عدالت کے نظام کو چلانا مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ قومی اسمبلی اور نمائندہ سینیٹ کے ذریعے یہ آواز اٹھائیں اور اراکین اسمبلی اور پرائیویٹ طور پر یہ قانون بنوائیں، کیوں کہ عدالت کا یہ اختیار نہیں کہ وہ اس پر کوئی ڈائریکشن جاری کرے۔ اس پر ایڈووکیٹ شیر افضل خان بابر نے کہا کہ عدالت کا اختیار ہے کیوں کہ ہر بندے کا کام ہے کہ وہ آئین کو مانے اور جب صدر پاکستان کا مسلمان ہونا شرط ہے، تو اس کی تکمیل اس وقت ہو گی جب اس کا قائم مقام بھی مسلمان ہو، اور مسلمان ہونے کیلئے ختم نبوت کے متعلق عقیدہ درست ہونا ضروری ہے۔ لیکن اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ نہیں آپ اپنے کسی سیاسی فورم سے بل پاس کروائیں۔ شیر افضل خان بابر اور مولانا تنویر الحسن احرار نے کمرہ عدالت سے باہر آ کر اپنے کارکنوں کو بتایا کہ ہم اپنی رٹ واپس نہیں لیں گے۔ ان شاء اللہ ایک دو دن میں تحریری حکم آ جائے گا، تو ہم اپنی اگلی کارروائی طے کریں گے کہ اب ہمیں کیا کرنا ہے۔


خبر کا کوڈ: 909711

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909711/ہائیکورٹ-سینٹ-کے-حلف-نامے-میں-ختم-نبوت-کی-شق-حوالے-سے-دائر-رٹ-خارج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org