QR CodeQR Code

جامعہ این ای ڈی 29واں سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد 2020ء

سستے وینٹی لیٹرز جامعہ این ای ڈی کا کارنامہ ہیں، گورنر سندھ

12 Jan 2021 20:17

گورنر سندھ و چانسلر جامعات عمران اسماعیل نے انجینئر طالبات کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ والدین کی طرح ملک بھی آپ کو تناور درخت کی طرح دیکھنا چاہتا ہے، ملک آپ پر انوسٹ کر رہا ہے، تو شادی کے بعد بھی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری کو ضرور نبھائیں۔


اسلام ٹائمز۔ جامعہ این ای ڈی صوبے کی عظیم جامعہ ہے، جو کہ ناصرف تعلیمی بلکہ ملکی ترقی میں بھی کردار ادا کر رہی ہے، کووڈ 19 کی سنگین صورتحال کے پیش نظر وینٹی لیٹر پر اس جامعہ نے کام کیا، جس سے ملک مستفید ہو رہا ہے، وزیراعظم کے ’کامیاب جوان پروگرام‘ کا مقصد اپنے نوجوانوں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ نوکری ڈھونڈنے کے بجائے نوکری دینے والے بن جائیں، تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایجوکیشن اور تحقیق کے ذریعے دنیا سے مقابلہ کیا جاتا ہے اور جامعہ این ای ڈی اور اس کا تھر کیمپس اس حوالے سے بہترین کام کر رہا ہے، کووڈ کے اس دور میں طالب علموں کے حالات کے پیشِ نظر ساڑھے پندرہ کروڑ کی اسکالر شپس دیں، ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ عمران اسماعیل، ترک کونسل جزل تلگا اوجیک اور شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے جامعہ این ای ڈی کے تحت 29ویں سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد 2020ء میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ و چانسلر جامعات عمران اسماعیل نے انجینئر طالبات کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ والدین کی طرح ملک بھی آپ کو تناور درخت کی طرح دیکھنا چاہتا ہے، ملک آپ پر انوسٹ کر رہا ہے، تو شادی کے بعد بھی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری کو ضرور نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ کی وجہ سے آن لائن کانووکیشن کا انعقاد ضروری ہے، صورتحال سب کے سامنے ہے، وزریراعظم کو نوجوانوں سے بہت اُمیدیں ہیں، اسی لیے انہوں نے ’کامیاب جوان پروگرام‘ کا آغاز کیا، جس کے تحت نوجوان ڈھائی کروڑ تک کا قرضہ حاصل کر سکتے ہیں، اس کا مقصد اپنے نوجوانوں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ نوکری ڈھونڈنے کے بجائے نوکری دینے والے بن جائیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ڈاکٹر سروش لودھی اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں، جو بہترین انداز سے جامعہ چلا رہے ہیں۔

پرو چانسلر جامعات سندھ نثار احمد کھوڑو کا کہنا تھا کہ یہ بات قابلِ فخر ہے کہ آپ سو برس سے انجینئرز تخلیق کرنے والی ملک کی مایہ ناز یونیورسٹی سے پاس آؤٹ ہو رہے ہیں، جو انجینئرنگ کی دنیا میں اپنا منفرد مقام رکھی ہے، تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایجوکیشن اور تحقیق کے ذریعے دنیا سے مقابلہ کیا جاتا ہے اور جامعہ این ای ڈی اور اس کا تھر کیمپس اس حوالے سے بہترین کام کر رہا ہے، سندھ نے یونی ورسٹیز ایکٹ منظور کیا، جس کے بعد اب سندھ میں 25 سے زائد پبلک یونیورسٹیز کام کر رہی ہیں، سندھ نے ہائر ایجوکیشن سستی کی، جو کہ پوری دنیا میں مہنگی ہوتی ہے، یہ اقدامات سندھ حکومت کے تعلیم کی بہتری کی جانب بہترین اقدامات ہیں، آپ کا مستقبل، آپ کے ملک اور آپ کی قوم کا مستقبل ہے، بحیثیت طالب علم، انسان تمام زندگی اپنی جامعہ سے وابستہ رہتا ہے، آپ ایسی یونیورسٹی سے فارغ ہو رہے ہیں، جو 100 برس سے پیشہ وارانہ تعلیم دے رہی ہے، تو آپ پر فرض ہے کہ آپ ایلمنائی کی حیثیت سے اپنی جامعہ سے وابستگی رکھیں، جب میں نے 1999ء میں بین الاقوامی تعلقات سے ماسٹرز کیا، تو دو آپشن ٹیچنگ اور سفارت کاری سامنے تھے، آج جس جگہ ہوں، اس کی وجہ یہ ہے کہ میں دونوں آپشنز کا استعمال کیا، اس بات سے یہ بتانا مقصود ہے کہ خود کو محدود نہ کریں، بلکہ مختلف آپشنز خود پر کھلے رکھیں۔

جامعہ این ای ڈی کے جلسہ تقسیم اسناد کی ِصدارت چانسلر و گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کی، ترک کونسل جزل تلگا اوجیک نے بطور مہمانِ خصوصی آن لائن پیغام دیا، جبکہ ایڈوائز ٹو یونیورسٹیز اینڈ بورڈز و پرو چانسلر نثار احمد کھوڑو نے کانووکیشن سے خطاب کیا۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ جامعہ این ای ڈی کو اس سال سو برس مکمل ہوئے ہیں، اس موقع پر اس ادارے سے وابستہ اور سابقہ ہر فرد کا شکریہ کہ جنہوں نے ادارے کو ترقی کی راہوں پر گامزن رکھا، کووڈ کے سنگین دور میں بھی ہماری کوشش رہی کہ یونیورسٹی نظم و ضبط کو برقرار رکھیں، کووڈ کے اس دور میں طالب علموں کے حالات کے پیشِ نظر ہم نے ساڑھے پندرہ کروڑ کی اسکالر شپس دیں۔ جلسہ تقسیم اسناد 2020ء میں 9 طالب علموں کو ڈاکٹریٹ کی سند تفویض کی گئی، 2020ء کے پاس آؤٹ گریجویٹس 2079 اور ماسٹرز کے طالب علموں کی تعداد 729 ہے۔


خبر کا کوڈ: 909719

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909719/سستے-وینٹی-لیٹرز-جامعہ-این-ڈی-کا-کارنامہ-ہیں-گورنر-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org