QR CodeQR Code

یونیورسٹی آف لاہور کا گلگت بلتستان میں میڈیکل کالج کے قیام میں اظہار دلچسپی

12 Jan 2021 21:23

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے ملاقات میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی قیادت میں وفد نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے آئندہ 10 دنوں میں سفارشات تیار کر کے صوبائی حکومت کو پیش کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان خالد خورشید سے وائس چانسلر کی قیادت میں یونیورسٹی آف لاہور کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف لاہور کے نمائندہ وفد نے گلگت بلتستان میں میڈیکل کالج کے قیام میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف لاہور کے سوشل ونگ نے سیلاب کے دوران ریلیف کی فراہمی میں خدمات سر انجام دی ہیں۔ یونیورسٹی آف لاہور کی جانب سے موسم سرگرما میں کیمپ کا بھی انعقاد کیا جائیگا۔ وزیراعلٰی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق خالد خورشید نے یونیورسٹی آف لاہور کی جانب سے گلگت بلتستان میں میڈیکل کالج کے قیام میں دلچسپی کا اظہار کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت یونیورسٹی آف لاہور کو ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔ گلگت بلتستان میں میڈیکل کالج موجود نہیں ہے، فوری طور پر سکردو میں میڈیکل کالج قائم کیا جا سکتا ہے۔ پرائیویٹ یونیورسٹیز نے دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ حکومت گلگت بلتستان میں بھی پرائیویٹ یونیورسٹیز کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔

وزیراعلٰی جی بی نے مزید کہا کہ جی بی میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سیاحت کے شعبے کو مزید فروغ دینے کیلئے یونیورسٹی آف لاہور گلگت بلتستان میں سکول فار ہاسپٹیلٹی مینجمنٹ کا قیام عمل میں لائے جس کیلئے صوبائی حکومت بھرپور مدد فراہم کرے گی۔ سکول فار ہاسپٹیلٹی مینجمنٹ کے قیام سے سیاحت کے اہم شعبے کو مزید فروغ ملے گا۔ گلگت بلتستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے یونیورسٹی آف لاہور گلگت بلتستان میں نرسنگ سکول کے قیام کیلئے تعاون کرے۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف لاہور کے نمائندہ وفد نے وزیراعلٰی گلگت بلتستان خالد خورشید سے جی بی کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے آئندہ 10 دنوں میں سفارشات تیار کر کے صوبائی حکومت کو پیش کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 909736

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909736/یونیورسٹی-ا-ف-لاہور-کا-گلگت-بلتستان-میں-میڈیکل-کالج-کے-قیام-اظہار-دلچسپی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org