QR CodeQR Code

پی ٹی آئی سکیورٹی اداروں کو سیاست میں دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہے، سراج الحق 

12 Jan 2021 23:29

جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ حکومت کو جان لینا چاہیئے کہ وعدوں اور نعروں سے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوتے، انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ فاٹا کے خیبر پختونخواہ سے الحاق کے وقت عوام سے کیے گئے وعدے تاحال پورے نہیں ہوسکے۔ 


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اداروں کو سوچنے کی ضرورت ہے کہ وہ قوم کے ساتھ کھڑے ہیں یا کسی سیاسی جماعت کے ساتھ، واضح کرنا چاہتا ہوں کہ دوست نادان ہو تو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہوتی، کے پی کے میں بے روزگاری اور غربت عروج پر ہے، مریض ہسپتالوں میں دربدر پھر رہے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں، پشاور ماحولیاتی آلودگی، گندے پانی اور ٹریفک کے بدترین مسائل کا گڑھ بن گیا ہے۔ قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں ہوئی، کرونا فنڈز کا حساب دیا جائے، مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی، عوام بدحال جبکہ مافیاز کا راج ہے۔ پولیو ورکرز اور ان کی سکیورٹی کے لیے تعینات اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی سکیورٹی اداروں کو سیاست میں دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہے، اداروں کو اس عمومی تاثر کو زائل کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ قوم، ریاست کی بجائے کسی پارٹی یا حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں۔ اسی طرح سیاستدانوں کو بھی بلاوجہ اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے سے گریز کرنا چاہیئے۔

 انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں کے پی کے میں غربت اور بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی صورتحال افسوسناک ہے، کرونا کے مریضوں کو یا تو ہسپتالوں میں داخلہ نہیں ملتا، اگر مل جائے تو ان کے علاج کا کوئی بندوبست نہیں، کرونا کے نام پر اربوں روپے کے فنڈز کا کوئی حساب کتاب نہیں، اطلاعات کے مطابق اس فنڈ کو انتظامی امور چلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، پشاور مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، ٹریفک کے مسائل اور صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لاکھوں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو جان لینا چاہیئے کہ وعدوں اور نعروں سے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوتے، سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ فاٹا کے خیبر پختونخواہ سے الحاق کے وقت عوام سے کیے گئے وعدے تاحال پورے نہیں ہوسکے، سی پیک روٹ پر صنعتی یونٹ قائم کرنے کے دعوں کی تکمیل نہیں ہوئی، فاٹا کے علاقوں کی ترقی کے لیے اعلان کیے گئے، ایک ہزار ارب روپے کا فنڈ تاحال ریلیز نہیں ہوا۔ لوگ بے روزگار ہیں، غربت میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے، مہنگائی نے لوگوں کو بدحال کر دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 909752

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909752/پی-ٹی-آئی-سکیورٹی-اداروں-کو-سیاست-میں-دھکیلنے-کی-کوشش-کر-رہی-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org