QR CodeQR Code

جو بائیڈن کی حلف برداری تک صدر ٹرمپ نے دارالحکومت میں ایمرجنسی نافذ کر دی

13 Jan 2021 01:07

امریکی خفیہ ایجنسیوں اور ایف بی آئی نے جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری کے موقع پر مسلح حملوں کا خدشہ ظاہر کیا تھا جبکہ واشنگٹن سمیت کئی ریاستوں میں پُرتشدد مظاہروں کا امکان بھی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومنتخب جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری تک دارالحکومت میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 24 جنوری کو نومنتخب صدر جوبائیڈن کی حلف برداری اور انتخابی مراحل کی تکمیل تک دارالحکومت واشنگٹن میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دارالحکومت میں ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس نے پیر کی شام وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں ایک ملاقات میں کیا۔ امریکی خفیہ ایجنسیوں اور ایف بی آئی نے جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری کے موقع پر مسلح حملوں کا خدشہ ظاہر کیا تھا جبکہ واشنگٹن سمیت کئی ریاستوں میں پُرتشدد مظاہروں کا امکان بھی ہے۔

ادھر امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر سمیت کئی ارکان نے صدر ٹرمپ کی معزولی کے لیے قرارداد جمع کرا دی ہے اور اگر نائب صدر مائیک پینس اس قرارداد پر کارروائی نہیں کرتے تو صدر ٹرمپ کا مواخذہ کیا جائے گا۔ امریکا میں اقتدار کی منتقلی میں پہلے بار کشیدگی کا سامنا ہے، صدر ٹرمپ کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کے دعوؤں پر اُن کے حامی مشتعل ہوگئے اور کانگریس کی عمارت پر حملہ کر دیا تھا، اس بلوے میں 5 افراد مارے گئے تھے۔ صدر ٹرمپ کے حامیوں کو اندازہ نہیں تھا کہ حملے کے کتنے مضر اثرات سامنے آسکتے ہیں، جس کے باعث صدر ٹرمپ نہ صرف اپنی شکست تسلیم کرنے پر مجبور ہوئے بلکہ ان کے سر پر مواخذے کی تلوار بھی لٹک رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 909769

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909769/جو-بائیڈن-کی-حلف-برداری-تک-صدر-ٹرمپ-نے-دارالحکومت-میں-ایمرجنسی-نافذ-کر-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org