0
Wednesday 13 Jan 2021 11:58

ملائشیا، بادشاہ نے وزیراعظم کی درخواست پر ایمرجنسی نافذ کرکے پارلیمنٹ معطل کر دی

ملائشیا، بادشاہ نے وزیراعظم کی درخواست پر ایمرجنسی نافذ کرکے پارلیمنٹ معطل کر دی
اسلام ٹائمز۔ جنوب مشرقی ایشیاء کے اہم ترین اسلامی ملک ملائیشیاء میں کورونا کی وباء کا بہانہ بنا کر بادشاہ نے وزیراعظم کی درخواست پر ملک میں ایمرجنسی نافذ کرکے پارلیمنٹ کو معطل کر دیا۔ خبر رساں ادارے ایجنسی فرانس پریس (اے ایف پی) کے مطابق ملائیشیاء کے بادشاہ سلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ نے وزیراعظم محی الدین یاسین کی درخواست پر رواں برس یکم اگست تک ایمرجنسی نافذ کرنے کی اجازت دے دی۔ بادشاہ نے جہاں ایمرجنسی نافذ کرنے کی اجازت دے دی، وہیں پارلیمنٹ کو بھی معطل کر دیا گیا۔ بادشاہ کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کیے جانے اور پارلیمنٹ کو معطل کیے جانے کے اعلان کے بعد وزیراعظم محی الدین یاسین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے وضاحت کہ ایمرجنسی نافذ کیے جانے کا مطلب مارشل لا لگانا نہیں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ کے معطل رہنے کے باوجود تمام معاملات سول حکومت دیکھے گی اور کورونا کی وباء کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال معمول پر آتے ہی انتخابات کرائے جائیں گے۔ ملائیشیاء میں کورونا کو بہانہ بنا کر ایک ایسے وقت میں ایمرجنسی نافذ کرکے پارلیمنٹ کو معطل کیا گیا ہے جبکہ رواں برس کے وسط تک وہاں عام انتخابات کرائے جانے کی امید تھی۔ اگرچہ حکومت نے عام انتخابات کی کوئی تاریخ نہیں دی تھی، تاہم 2020ء میں کہا تھا کہ کورونا کے باعث ہونے والی صورتحال معمول پر آتے ہی 2021ء میں انتخابات کرائے جائیں گے۔ اگرچہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ملائیشیاء میں کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، تاہم اس باوجود وہاں 12 جنوری 2021ء تک مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار سے بھی کم تھی اور وہاں اموات کی تعداد 600 سے بھی کم تھی۔

ملائیشیا میں گذشتہ برس فروری میں سیاسی حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے تھے، جب 2018ء میں منتخب ہونے والے 95 سالہ مہاتیر محمد نے اپنی اتحادی جماعتوں سے اختلافات کی باعث استعفیٰ دے دیا تھا۔ مہاتیر محمد نے 2018ء کے انتخابات میں حالیہ وزیراعظم محی الدین یاسین کے اتحاد کے ساتھ انتخابات جیتے تھے اور دونوں کے درمیان ترتیب وار اقتدار منتقلی کا معاہدہ ہوا تھا، تاہم بعد ازاں مہاتیر محمد نے ایسا کرنے سے انکار کیا تو وہاں سیاسی بحران پیدا ہوگیا اور انہوں نے استعفیٰ دیا۔ مہاتیر محمد کے بعد محی الدین یاسین مارچ 2020ء میں نئے وزیر اعظم بنے اور انہوں نے اکتوبر 2020ء میں اعلان کیا تھا کہ کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال معمول پر آتے ہی 2021ء میں نئے انتخابات کرائے جائیں گے۔

تاہم اب وہاں ایمرجنسی نافذ کرکے پارلیمنٹ کو بھی معطل کر دیا گیا، جس کا مطلب یہ ہے کہ اگست تک وہاں کوئی بھی قانونی و اقتدار کی تبدیلی کا کام نہیں ہوسکتا۔ ملائیشیاء میں آخری بار ایمرجنسی نافذ کرنے یا پارلیمنٹ کو معطل کیے جانے کا واقعہ نصف صدی قبل 1969ء میں پیش آیا تھا، جب وہاں نسلی فسادات پھوٹ پڑے تھے۔ ملک میں کورونا کا بہانہ بنا کر ایمرجنسی نافذ کیے جانے اور پارلیمنٹ کو معطل کیے جانے پر حکومت پر سخت تنقید بھی کی جا رہی ہے اور حزب اختلاف کے رہنماء حکومت پر اقتدا کر طول دینے کے الزامات لگا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 909835
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش