QR CodeQR Code

پہلے پاناما پیپرز اور اب براڈشیٹ نے کرپٹ حکمران اشرافیہ کی منی لانڈرنگ کو عیاں کردیا، عمران خان

13 Jan 2021 12:10

سماجی رابطے کی سائیٹ پر وزیراعظم نے کہا کہ میں 24 سال سے کرپشن کے خلاف لڑتے ہوئے کہہ رہا ہوں کہ کرپشن پاکستان کی ترقی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، یہ اشرافیہ اقتدار میں آکر ملک کو لوٹتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ براڈشیٹ کے انکشافات نے ایک مرتبہ پھر ہماری حکمران اشرافیہ کی بڑے پیمانے پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کو بےنقاب کردیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ پہلے پاناما پیپرز نے ہماری حکمران اشرافیہ کی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کو بے نقاب کیا اور اب براڈشیٹ کے انکشافات نے ایک مرتبہ پھر ہماری حکمران اشرافیہ کی بڑے پیمانے پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کو عیاں کردیا۔ انہوں نے لکھا کہ یہ اشرافیہ ان بین الاقوامی انکشافات پر انتقامی کارڈ کے پیچھے نہیں چھپ سکتی۔

وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹس میں لکھا کہ یہ انکشافات بار بار کیا بیان کر رہے ہیں؟ پہلا یہ کہ جو میں 24 سال سے کرپشن کے خلاف لڑتے ہوئے کہہ رہا ہوں کہ کرپشن پاکستان کی ترقی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، دوسرا یہ کہ یہ اشرافیہ اقتدار میں آکر ملک کو لوٹتی ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ تیسرا یہ کہ یہ لوگ مقامی سطح پر پروسیکیوشن سے محفوظ رہتے ہوئے بیرون ملک ناجائز فائدے کے لیے منی لانڈرنگ کرتے ہیں، مزید یہ کہ اس کے بعد وہ این آر او حاصل کرنے کے لیے سیاسی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہیں۔

عمران خان نے لکھا کہ اس طرح ان لوگوں نے لوٹی ہوئی رقم کو محفوظ رکھا ہے جبکہ پاکستان کے عوام شدید خسارے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ کی جانب سے نہ صرف قوم کی دولت لوٹی جاتی ہے بلکہ اس رقم کی وصولی کے لیے ادا کی جانے والی ٹیکس دہندگان کی رقم بھی این آر اوز کی وجہ سے ضائع ہوجاتی ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ یہ انکشافات برف کی چٹان کا ایک سرا ہے جبکہ ہم براڈشیٹ سے ہماری اشرافیہ کی منی لانڈرنگ اور اس پر کس نے تحقیقات سے روکا کے معاملے پر مکمل شفافیت چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل وزیراعظم عمران خان نے برطانوی کمپنی براڈشیٹ ایل ایل سی کے کاوے موسوی کے انکشافات کے ان کی اثاثہ جات ریکوری کمپنی سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگر کے زیر اثر تھی اور ان کے پاس کچھ دیگر پاکستانیوں کی منی لانڈرنگ کے ثبوت بھی تھے، کے تناظر میں معاملے کا پتا لگانے کے لیے ایک بین الوزرائی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے مذکورہ معاملے پر تبادلہ خیال کابینہ اجلاس کے ایجنڈے پر بات چیت مکمل ہونے کے بعد صرف کابینہ اراکین کی موجود میں زیرو آور کے درمیان کیا تھا۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا کہ کابینہ نے ایک بین الوزائی کمیٹی تشکیل دی ہے جو براڈشیٹ اسکینڈل میں سامنے آنے والے ہر فرد کی تفصیلات عیاں کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 909837

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909837/پہلے-پاناما-پیپرز-اور-اب-براڈشیٹ-نے-کرپٹ-حکمران-اشرافیہ-کی-منی-لانڈرنگ-کو-عیاں-کردیا-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org