QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کیلئے ترقیاتی پیکج کی تیاری، بین الوزارتی کمیٹی تشکیل

13 Jan 2021 19:28

اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ جی بی کی سربراہی میں قائم کمیٹی پندرہ دن کے اندر جی بی کے تمام شعبوں میں ترقی کیلئے منصوبوں کی نشاندہی کریگی اور مئی سے پہلے ان منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کیلئے ترقیاتی پیکج کی تیاری کیلئے بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر پلاننگ اسد عمر کی سربراہی میں ہونے والے اہم اجلاس میں جی بی کیلئے اہم ترقیاتی پیکج کو حتمی شکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کے تحت وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی سربراہی میں بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ کمیٹی پندرہ دن کے اندر جی بی کے تمام شعبوں میں ترقی کیلئے منصوبوں کی نشاندہی کریگی اور مئی سے پہلے ان منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پلاننگ اسد عمر نے کہا کہ گلگت بلتستان کو آج تک نظر انداز رکھا گیا مگر اب وقت آیا ہے کہ جی بی کو وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق ترقی کی راہ پہ گامزن کیا جائے۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اجلاس کو بتایا کہ جی بی کے اندر بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور یہ خطہ پاکستان کی معاشی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے بشرطیکہ اس صلاحیت کو اجاگر کر کے اسے استعمال میں لایا جائے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ان منصوبوں کے اجراء اور تکمیل کیلئے باقاعدہ وقت مقرر کرتے ہوئے وہاں کے ہر شعبے کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لایا جائے تاکہ محرومیوں کا ازالہ ہو سکے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ تمام سیکٹرز میں کام کرنے کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی توجہ کے باعث گلگت بلتستان میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ جی بی ترقیاتی پیکیج میں ٹرانسپورٹ، کمیونیکیشن، کلین انرجی آف گرڈ سولوشن، جیمز، منرلز، ٹریڈ، کامرس، ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، ہیلتھ، ایجوکیشن، فنی مہارت، سیاحت اور الائیڈ سہولیات، ماحولیات اور موسمی تغیرات، زرعی ترقیاتی تجارت کے منصوبوں سمیت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بہت سارے منصوبے شامل ہونگے۔


خبر کا کوڈ: 909926

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909926/گلگت-بلتستان-کیلئے-ترقیاتی-پیکج-کی-تیاری-بین-الوزارتی-کمیٹی-تشکیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org