QR CodeQR Code

ہمارا مقصد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی ہے، محبوبہ مفتی

13 Jan 2021 19:57

پی ڈی پی کی صدر نے کہا کہ پی اے جی ڈی کو بدنام کرنے کے لئے جان بوجھ کر بدگمانیاں پھیلائی جا رہی ہیں کیونکہ عوام نے ڈی ڈی سی انتخابات میں بھاری اکثریت سے ہمیں ووٹ دیا۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلٰی اور پی ڈی پی کی صدر محوبہ مفتی نے کہا ہے کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کا مقصد انتخابی فائدے نہیں بلکہ یہ اتحاد بڑے مقصد یعنی جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی کیلئے محو جدوجہد ہے۔ انہوں نے سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر اُردو زباں میں اپنا پیغام درج کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلانیہ (پی اے جی ڈی) سے متعلق غیر ضرور قیاس آرائیوں کے بیچ، میں کچھ چیزوں کو واضح کرنا چاہتی ہوں، اس عظیم اتحاد کا مقصد چھوٹے انتخابی فائدے نہیں بلکہ یہ اتحاد ایک بڑے مقصد کے لئے محو جدوجہد ہے یعنی جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی۔

انہوں نے منگل کو پے در پے ٹویٹر پیغامات میں یہ دعوٰی کیا کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے اتحاد کے نتیجے میں نئی دہلی پریشان ہے اور آئندہ دنوں میں اس اتحاد سے متعلق بدگمانیاں پھیلانے میں مزید شدت ہوگی۔ محبوبہ مفتی نے تحریر کیا کہ پی اے جی ڈی کی وجہ سے دلی کی ٹانگیں لڑ کھڑا رہی ہیں اور ظاہر ہے کہ آنے والے دنوں میں بدگمانیوں کی اس مہم میں مزید شدت لائی جائے گی۔ محبوبہ مفتی نے لکھا کہ پی ڈی پی کے بہت سے رہنما پہلے ہی گرفتار کئے جا چکے ہیں اور میں سمجھتی ہوں کہ سختیوں میں مزید اضافہ ہوگا، لیکن یہ ہمارے عزم کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میں گپکار اعلامیہ کی شرکت سے بھاجپا اور انکے ساتھیوں کو جمہوری اداروں پر قابض ہونے سے روکنے کا انکا مقصد پورا ہوا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ پی اے جی ڈی کو بدنام کرنے کے لئے جان بوجھ کر بدگمانیاں پھیلائی جا رہی ہیں کیونکہ عوام نے ڈی ڈی سی انتخابات میں بھاری اکثریت سے ہمیں ووٹ دیا۔ اس سے قطع نظر کہ کس نے کتنی نشستوں پر چناؤ لڑا، بی جے پی اور ان کے ہمنواؤں کو جمہوری اداروں پر قابض ہونے سے دور رکھنے کا ہمارا مقصد پورا ہوا۔


خبر کا کوڈ: 909927

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909927/ہمارا-مقصد-مقبوضہ-کشمیر-کی-خصوصی-حیثیت-بحالی-ہے-محبوبہ-مفتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org