0
Wednesday 13 Jan 2021 20:05

اتحاد امت صرف علما ہی نہیں، حکمرانوں کی بھی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر عبدالغفور راشد

اتحاد امت صرف علما ہی نہیں، حکمرانوں کی بھی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر عبدالغفور راشد
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ وحدت امت کی کوشش کوئی بھی تنظیم یا سربراہ مملکت کرے قابل تحسین ہے اور ہم اس کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امت محمدیہ تمام امتوں کی سردار ہے اور یہ سرداری امر بالمعروف و نہی عن المنکر سر انجام دینے سے ہی برقرار رہے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ امربالمعروف و نہی عن المنکر، الٰہی فریضہ اور حکم قرآنی ہے، جو صرف علماء اور واعظین ہی کا نہیں بلکہ حکمرانوں اور ریاستوں کے سربراہوں کا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت حکمرانوں اور ریاستی سربراہوں کی زیادہ ذمہ داری بنتی ہے، امت محمدیہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر تب کرنے میں کامیاب ہوگی جب اقتدار میں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور کا پیغام ہے کہ حکمران اور سربراہان ریاست امر بالمعروف و نہی عن منکر کا فریضہ سرانجام دے کر اُمت محمدیہ کی سرداری کا تقاضا پورا کریں، یہ ان کی ذمہ داری ہے۔ نائب امیر مرکزی جمعیت الحدیث نے کہا کہ علماء کرام اپنے حصے کا کام کر چکے، ملک کے اندر جتنے بھی مثبت کام ہوئے ہیں، ان میں علماء کا کلیدی کردار ہے۔ وطن عزیز میں جب بھی ضرورت پڑی۔ انہوں نے اپنی خدمات پیش کیں، چاہے تحریک پاکستان ہو، تحریک ختم نبوت، متحدہ مجلس عمل ہو، پاکستان میں مسالک کے درمیان اتحاد اور اسلامی آئین سازی کیلئے 31 علماء کے 22 نکات میں بھی علماء نے اپنی ذمہ داری ادا کی اور اپنی خدمات پیش کیں، اب ضرورت ہے کہ ریاستوں کے سربراہ اور حکمران بھی اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 909932
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش