QR CodeQR Code

پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کا دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پرغور

13 Jan 2021 22:06

اسلام آباد میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے اور پھر ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ترکی اور آذربائیجان کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ خطے کے تین مسلم ممالک پاکستان، ترکی اورآذربائیجان نے سہ ملکی مذاکرات باقاعدگی سے کرانے پراتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اسلام آباد میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے اور پھر ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ترکی اور آذربائیجان کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہونے والی ملاقات میں سیکیورٹی،عوامی روابط، تذویراتی اورسیاسی تعلقات کے فروغ پر بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور مواصلات کے فروغ پر بھی بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور آذربائیجان کے ہم منصبوں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام مسئلہ کشمپر پر ترکی اور آذربائیجان کی حمایت کے شکرگزار ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ تینوں ممالک نے اپنے اپنے علاقوں میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا اور دنیا بھرمیں مسلم اقلیتوں پرظلم وجبرپربھی بات ہوئی۔

ترکی کے وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دورے پر بہت مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے کامیاب انعقاد اور شاندار استقبال پر پاکستان کے مشکور ہیں۔ وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلونے کہا کہ ترک قیادت اورعوام کے دلوں میں پاکستان اور پاکستانیوں کا خاص مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ممالک میں مجموعی تجارتی حجم صرف 80 کروڑ ڈالرز ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک میں تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دفاعی میدان میں بھی تعاون بڑھا رہے ہیں۔ ترک وزیرخارجہ میولوت چاوش اوغلو نے کہا کہ پاکستان میں 83 پاک ترک معارف اسکول معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہ ملکی مذاکرات کا تیسرا دور ترکی میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک سہ ملکی مذاکرات کا تسلسل کے ساتھ انعقاد کرنے پر متفق ہیں۔ 

میولوت چاوش اوغلو نے کہا کہ مذاکرات میں نگورنوکاراباخ، قبرص اور مسئلہ کشمیر پر بات ہوئی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ترکی کشمیر کے مسئلے پر کسی بھی یکطرفہ اقدام کے خلاف ہے۔ ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو نے کہا کہ عالمی طور پر متنازع خطے کی یکطرفہ جغرافیائی حیثیت نہیں بد لی جا سکتی ہے۔ آذر بائیجان نے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورترکی نے آرمینیا کی جارحیت کی کھل کر مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاراباخ کے معاملے پر پاکستان اور ترکی کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر برابری کی بنیاد پر تعلقات کے حق میں ہیں۔ وزیرخارجہ آذربائیجان جیہون بیراموف نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اسلاموفوبیا، بیرونی جارحیت، غیرقانونی قبضے اور دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 909939

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909939/پاکستان-ترکی-اور-ا-ذربائیجان-کا-دہشت-گردی-سے-نمٹنے-کے-لیے-مشترکہ-حکمت-عملی-اپنانے-پرغور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org