QR CodeQR Code

آرمی چیف کی سانحہ مچھ کے لواحقین سے ملاقات، انصاف فراہمی کی یقین دہانی

13 Jan 2021 22:33

جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور اندوہناک سانحے کے ملزمان کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ مچھ کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور اندوہناک سانحے کے ملزمان کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچے تو کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو پاک افغان اور پاک ایران بارڈر مینجمنٹ سمیت صوبے میں درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں آرمی چیف سے سانحہ مچھ کے لواحقین کی سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ میں ملاقات ہوئی۔

آرمی چیف نے سانحہ مچھ کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اندوہ ناک سانحے کے ملزمان کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گیریژن افسران سے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر اسٹریٹیجک صلاحیت کے حامل بلوچستان پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ترقی سے ملک میں ترقی ہوگی۔ ملک دشمن قوتوں کو انتشار پھیلانے میں کام یاب نہیں ہونے دیں گے، بلوچستان کی سیکیورٹی، استحکام اور ترقی کو یقین بنائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 909961

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909961/ا-رمی-چیف-کی-سانحہ-مچھ-کے-لواحقین-سے-ملاقات-انصاف-فراہمی-یقین-دہانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org