0
Wednesday 13 Jan 2021 23:15
بندے اٹھا کر غائب کرتے رہنا کیا قانون کے مطابق ہے؟

کوئی شہری لاپتہ ہوا تو علاقے کے ایس ایس پی پر مقدمہ ہوگا، عدالت

کوئی شہری لاپتہ ہوا تو علاقے کے ایس ایس پی پر مقدمہ ہوگا، عدالت
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر وفاقی سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع سے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ کو معاملے پر جے آئی ٹی اجلاس طلب کرنے اور آئی جی سندھ کو لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق معاملات کا جائزہ لینے اور لاپتہ شہری عمر فاروق، احسان اور دیگر کی بازیابی کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں جسٹس عبد المبین لاکھو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی، تو لاپتہ شہریوں کے اہلخانہ نے کمرہ عدالت میں آہ و بکا کی۔ گمشدہ علی مہدی کی بہن نے کہا کہ گمشدہ بیٹے کی تلاش میں والد انتقال کرگئے۔ میرے والد جس حال میں انتقال کر گئے ہیں اس کا جواب ان سے اللہ لے گا۔ لاپتہ افراد کی عدم بازیابی پر عدالت وفاقی اور صوبائی حکومت پر برہم ہوگئی۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے عوام کے جان اور مال کی تحفظ کی ذمہ داری ریاست پر ہے۔ بندے اٹھا کر غائب کرتے رہنا کیا قانون کے مطابق ہے؟ کوئی شہری لاپتہ ہوا تو اس علاقے کے ایس ایس پی کیخلاف مقدمہ درج ہوگا۔ برسوں سے شہری لاپتہ ہیں اور تفتیش میں کسی قسم کی پیش رفت نظر نہیں آرہی۔ پولیس کی تفتیش محض خانہ پوری کے سوا کچھ نہیں ہوتی۔ دو بھائی 2009 سے لاپتہ ہیں، اب تک سراغ نہیں لگایا گیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ محمد الیاس اور امین اپنی مرضی سے خیبر پختونخوا چلے گئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کیسی بات کر رہے ہیں، 11 سال سے گمشدگی کا کیس زیر سماعت ہے۔ گمشدہ شہری کو تلاش کرنا پولیس کا کام ہے۔ کیا سندھ پولیس لاپتہ شہریوں کا سراغ لگانے کے لیے کے پی حکومت اور پولیس سے رابطہ نہیں کرسکتی؟

عدالت نے آئی جی سندھ کو لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق معاملات کا جائزہ لینے اور لاپتہ شہری عمر فاروق، احسان اور دیگر کی بازیابی کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے محکمہ سندھ کو لاپتہ افراد کے معاملے پر جے آئی ٹی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے 11 فروری کو پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع سے رپورٹ طلب کرلی کہ بتایا جائے لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے لیے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 909964
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش