0
Thursday 14 Jan 2021 00:17

اسلام آباد، سراج الحق سے چینی سفیر نونگ رانگ کی ملاقات

اسلام آباد، سراج الحق سے چینی سفیر نونگ رانگ کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں جماعت اسلامی کے شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات میں پاکستان، افغانستان، کشمیر سمیت دیگر موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ امیر جماعت اسلامی نے چین کے کشمیر پر اصولی موقف کو سراہتے ہوئے پاکستان اور کشمیر کی عوام کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین مستقبل میں تعلقات مزید مضبوط ہوں۔ پاکستان اور چین باہمی خلوص اور دوستی کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی کوہ ہمالیہ سے بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چین آئندہ بھی اپنے عالمی اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے بھارت کی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھرپور آواز اٹھاتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کی کامیابی کے لیے خطے اور بالخصوص افغانستان میں امن بے حد ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کو سی پیک کے خلاف عالمی سازشوں سے باخبر رہنا چاہیئے۔ چینی سفیر نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی ایک اہم سیاسی جماعت ہے، چین جماعت اسلامی سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، سینیٹر سراج الحق ایک ممتاز سیاسی شخصیت ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چین میں موجود تمام نسلی اور مذہبی گروہ کے حقوق کا مکمل احترام کیا جاتا ہے اور انھیں اپنی مذہبی رسوم ادا کرنے میں مکمل آزادی حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ چین بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی قانونی حمایت جاری رکھے گا۔ انھوں نے سینیٹر سراج الحق کو چین کے دورے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ کسی مناسب وقت پر اس دورے کا پروگرام ترتیب دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ اور جماعت اسلامی پاکستان کے درمیان 2009ء میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے تھے، جس میں وفود کے تبادلے پر اتفاق ہوا تھا۔
خبر کا کوڈ : 909988
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش