QR CodeQR Code

نااہل حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا، وزیراعظم کا ہر بیان اپنی ناکامی کا اعتراف ہے، سراج الحق 

14 Jan 2021 00:30

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ حکومت خود اعتراف کرتی ہے کہ انھیں تیاری کے بغیر اقتدار مل گیا، گذشتہ اڑھائی برس میں نااہل حکمرانوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا، مہنگائی کے طوفان نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں، بے روزگاری نے گھر گھر ڈیرے جما لیے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے، انھیں اب مزید وقت نہیں دے سکتے۔ ان کا تعاقب جاری رہے گا، احتساب کا وقت آگیا ہے، نااہل حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا۔ وزیراعظم کا ہر بیان اپنی ناکامی کا اعتراف ہے، پی ٹی آئی نے عوام سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، دیکھتے ہیں کہ حکومت اسامہ ستی کے قاتلوں کو کس طرح کٹہرے میں کھڑا کرتی ہے۔ یہ کیس پولیس گردی کی ایک اور مثال ہے، جو گولیاں دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہونی چاہییں، وہ ہمارے بچوں پر چلائی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں پولیس کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان اسامہ ستی کے والد ندیم یونس ستی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی نے نوجوان کی شہادت پر شدید دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی اور خاندان کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اسامہ کے لیے انصاف حاصل کرنے کی جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت خود اعتراف کرتی ہے کہ انھیں تیاری کے بغیر اقتدار مل گیا۔ گذشتہ اڑھائی برس میں نااہل حکمرانوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا، مہنگائی کے طوفان نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ بے روزگاری نے گھر گھر ڈیرے جما لیے ہیں۔ وزیراعظم خود اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے پھرتے ہیں، اگر وہ یہ تسلیم کرتے ہیں کہ ان کی ٹیم کی کارکردگی درست نہیں تو کپتان کو ہی جواب دینا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے احتساب کا وقت آگیا ہے۔ جماعت اسلامی اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کا تعاقب جاری رکھے گی۔ اب ان کو جنھوں نے ہر سیکٹر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، مزید وقت نہیں دے سکتے۔ اگر حالات ایسے ہی رہے تو ملک کا مزید دیوالیہ نکل جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے احتساب کے نعرے کو ایک مذاق بنا لیا ہے، لیکن اب ہم حکمرانوں کا حقیقی احتساب کریں گے اور انھیں عوام پر کیے گئے ظلم کیلئے جوابدہ ہونا پڑے گا۔


خبر کا کوڈ: 909993

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/909993/نااہل-حکومت-نے-معیشت-کا-بیڑہ-غرق-کر-دیا-وزیراعظم-ہر-بیان-اپنی-ناکامی-اعتراف-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org