QR CodeQR Code

راؤ انوار کی حاضری سے استثنی کی درخواست خارج

14 Jan 2021 13:14

سابق ایس ایس پی ملیر کے وکیل عامر منسوب ایڈوکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ حساس اداروں نے راؤ انوار کی سیکیورٹی سے متعلق رپورٹ دی ہے، میرے موکل کو سخت سیکیورٹی خدشات ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی حاضری سے استثنی کی درخواست خارج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کے روبرو نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی حاضری سے استثنی کی درخواست خارج کر دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ یہ بتائیں، آپ کو ہی حاضری سے استثنی دے دیں، کیا یہ دوسروں سے امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔ راؤ انوار کے وکیل عامر منسوب ایڈوکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ حساس اداروں نے راؤ انوار کی سیکیورٹی سے متعلق رپورٹ دی ہے، میرے موکل کو سخت سیکیورٹی خدشات ہیں۔

چیف جسٹس احمد علی شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ کو روز کی بنیادی پر سماعت کی ہدایت دے دیتے ہیں، آپ کی اس درخواست کو مسترد کرتے ہیں، جس پر عامر منسوب نے استدعا کی عدالت درخواست مسترد نہ کرے، ہم واپس لے لیتے ہیں۔ عدالت نے استدعا منظور کرلی اور درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔ واضح رہے کہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے ٹرائل کورٹ سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی تھی۔ ٹرائل کورٹ راؤ انوار کی حاضری سے استثنی کی درخواست پہلے ہی مسترد کر چکی۔ راؤ انوار کو ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 910086

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910086/راؤ-انوار-کی-حاضری-سے-استثنی-درخواست-خارج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org