0
Wednesday 13 Jan 2021 15:49

ایران کیجانب سے بحیرۂ احمر میں وسیع سمندری گشت کا اعلان

ایران کیجانب سے بحیرۂ احمر میں وسیع سمندری گشت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ ایرانی مسلح افواج کے کمانڈر میجر جنرل محمد حسین باقری نے ملک میں تیار کئے گئے 2 نئے بحری جہازوں کی بحری بیڑے میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران کی جانب سے بحیرۂ احمر میں سمندری گشت کو دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔ ایرانی آرمی چیف نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سمندری میدان نہ صرف پوری دنیا کے لئے بلکہ ایرانی قوم کے لئے بھی بے مثال اور انتہائی قیمتی میدان ہے جبکہ اللہ تعالی نے اپنے فضل و کرم سے ایرانی قوم کو وسیع سواحل اور آزاد پانیوں پر مناسب دسترسی کی بہترین نعمتوں سے نوازا ہے لہذا اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم ضرورت کے مطابق ان نعمتوں سے کیسے فائدہ اٹھاتے ہیں اور اپنی سرحدوں سے باہر تک کیسے ملکی مفاد کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سمندری حدود تجارتی رَستوں پر مشتمل ہے اور ان رستوں کا بطور احسن دفاع اور ان کی مکمل حفاظت و سکیورٹی بھی ہمارے ہی ذمے ہے۔

ایرانی آرمی چیف نے اپنے خطاب کے دوران ایرانی بحریہ کی جانب سے ہزارہا بحری بیڑوں کو حفاظت فراہم کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا بھر کی نیول فورسز اپنے فولاد اور آگ پر فخر کرتی ہیں تو اسلامی جمہوریہ ایران اپنے فولاد و آگ کے ساتھ ساتھ اپنے ایمان اور اللہ تعالی کی لازوال قدرت پر اپنے اعتقاد پر بھی فخر کرتا ہے اور جیسا کہ ہر انسانی طاقت کا سرچشمہ دراصل الہی قدرت میں پوشیدہ ہے؛ کوئی طاقت ایران کے مقابلے کی تاب نہیں رکھتی۔ میجر جنرل محمد حسین باقری نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران حسب سابق اپنے قومی مفاد کی بھرپور حفاظت کرتا رہے گا، اعلان کیا کہ ہم بحیرۂ احمر میں؛ جہاں حال ہی میں ایرانی بحری بیڑوں کو محدود پیمانے پر جارحیت کا سامنا کرنا پڑا تھا، دوبارہ وسیع سمندری گشت شروع کرتے ہوئے اپنے تیل بردار و تجارتی بحری بیڑوں کی مکمل حفاظت کو یقینی بنا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 910104
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش