0
Thursday 14 Jan 2021 18:24

شمالی وزیرستان، سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز میں 2 دہشتگرد ہلاک، 3 جوان شہید

شمالی وزیرستان، سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز میں 2 دہشتگرد ہلاک، 3 جوان شہید
اسلام ٹائمز۔شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف دو آپریشن کئے ہیں، جن میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ تین جوان شہید ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں پر کارروائی کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا ہے کہ کارروائیاں خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ کارروائیوں میں دھماکہ خیز مواد بنانے والے ماہر سمیت دو دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ کاروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین فوجی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے شہدا میں سپاہی آذیب احمد، ضیاالاسلام اور لانس نائیک عباس خان شامل ہیں۔ پہلی کارروائی میں طوفان گروپ کے خاص کمانڈر اور مطلوب دہشت گرد زار جمیل عرف ثاقب تحصیل دتہ خیل میں منظر خیل کے علاقے وژدہ سر میں آپریشن کے دوران ہلاک ہو گیا ہے۔ 

دہشت گرد گروپ طوفان کے اہم کمانڈر زار جمیل عرف ثاقب نامی دہشت گرد کا تعلق ممی روغا منظر خیل سے تھا، ثاقب انسداد دہشت گردی کے مختلف وارداتوں میں ملوث تھا، جس پر سینکڑوں ایف آئی آر درج ہیں۔ یہی دہشت گرد سی ٹی ڈی پولیس کو بھی مطلوب تھا اور اس کے سر پر دس لاکھ کا انعام بھی رکھا گیا۔ دہشت گرد ثاقب نے 2019 میں سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا تھا جس میں 3 اہلکار شہید جبکہ 4 سپاہی شدید زخمی ہوئے تھے۔ دہشت گرد ثاقب نے 2007ء سے لے کر اب تک 20 سے زیادہ مختلف دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی اور سربراہی کی، مذکورہ دہشتگرد آئی ای ڈی لگانے کا ماسٹر بھی رہا ہے جبکہ دتہ خیل میں لا تعداد بارودی سرنگ بنا چکا ہے جس سے معصوم اور بے گناہ لوگ شکار بن چکے ہیں۔ دہشت گرد رزمک ،میر علی اور زرمل باغ میں سیکورٹی فورسز پر حملے اور فائرنگ کر چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 910164
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش