0
Thursday 14 Jan 2021 18:28

گلگت بلتستان کے عوام کے حق نمائندگی اور ووٹ کی عزت کو پامال کیا جا رہا ہے، احسن اقبال

گلگت بلتستان کے عوام کے حق نمائندگی اور ووٹ کی عزت کو پامال کیا جا رہا ہے، احسن اقبال
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی کسی سلیکٹڈ حکومت مسلط کی گئی تو وہ مودی کا ایجنٹ ہوگا۔ اسلام آباد میں پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم مسلسل قوم کو اس بات سے آگاہ کرتے رہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حق نمائندگی کو، ان کی ووٹ کی عزت کو پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ایک دوراہے اور فیصلہ کن موڑ کن موڑ پر کھڑا ہے، پاکستان کے 22 کروڑ عوام اپنے ووٹ کی عزت کا حق مانگ رہے ہیں اور تاریخ یہ بتلاتی ہے کہ جس ملک میں عوام کے ووٹ کی عزت نہیں کی جاتی اس ملک کی سالمیت خطرے میں پڑ جاتی ہے اور ووٹ کو پامال کرنے کے نتیجے میں ہم نے آدھا ملک کھو دیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ جی بی پاکستان کا انتہائی حساس خطہ ہے اور پاکستان کو چین سے ملاتا ہے، یہ سی پیک کے حوالے سے بھی اسٹریٹیجک اہمیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہمارے لیے ضروری تھا کہ ہم گلگت بلتستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا نہ ہونے دیں اور گلگت بلتستان کے عوام کو اچھی حکمرانی سے ترقی، خوشحالی کے ثمرات دیں تاکہ وہاں کسی دشمن کو عدم استحکام پیدا کرنے کا موقع نہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ 2015 سے 2020 تک مسلم لیگ نون کی 5 سالہ حکومت اس بات کی گواہ ہے کہ جی بی میں جتنی خدمت مسلم لیگ نون کی حکومت نے کی، ہمارے مخالفین بھی یہ ماننے پر مجبور تھے کہ 72 سال میں جی بی میں اتنا ترقیاتی کام اور وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں تعلیم، صحت، سماجی و معاشی ترقی، شاہراؤں کے جو منصوبے شروع کیے گئے، وہ اس سے قبل کبھی نہیں کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑھ کر یہ جب میں نے وہاں چیف الیکشن کمشنر کو ساری شکایات بیان کیں اور انہیں کہا کہ نوٹس لیں کیونکہ یہاں سرکاری وسائل سے حکومت اپنے وزرا کے ذریعے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا رہی ہے تو چیف الیکشن کمشنر نے نہایت بے بسی کے ساتھ کہا کہ میں کیا کروں، میری کوئی سنتا نہیں ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ میں یہ کہے بغیر نہیں رہ سکا کہ آپ کی کوئی نہیں سنتا تو آپ مستعفی ہو جائیں لیکن یہ ناٹک اور ڈرامہ گلگت بلتستان میں کیا گیا اور پاکستان کی سلیکٹڈ حکومت کی طرز پر گلگت بلتستان میں بھی سلیکٹڈ حکومت مسلط کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو یہ حق نہیں دیا گیا کہ وہ خدمت کرنے والی حکومت کو دوبارہ منتخب کریں بلکہ وہاں سابق وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمٰن بتائیں گے کہ کس طریقے سے ان کی حکومت کے آخری ایام میں مسلم لیگ نون کی حکومت کے ہاتھ پیر باندھے گئے تاکہ اسے مفلوج کیا جائے۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ کس طریقے سے وہاں من پسند سیاسی نگراں حکومت قائم کی گئی، کس انداز میں الیکشن شیڈول تبدیل ہوتا رہا، کس انداز میں انتظامی افسروں کو ریٹرننگ افسر کی ڈیوٹیاں دی گئیں، کس طرح وفاقی وزرا اور وزیر اعظم نے وہاں کے الیکشن کمیشن کی جانب سے نافذ کیے گئے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائیں، کس طرح وزیراعظم پاکستان نے اس قومی اتفاق رائے کی دھجیاں اڑائیں جو ملک کی تمام سیاسی قیادت، چیف آف آرمی اسٹاف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی موجودگی میں گلگت بلتستان کے حوالے سے کیا گیا تھا، کس طریقے عدالتی احکامات کی توہین کی گئی۔

مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما نے اپنی گفتگو کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں یہ بات ریکارڈ پر ضرور رکھنا چاہتا ہوں کہ گلگت بلتستان کے عوام کو سلام ہے کہ جنہوں نے اس تمام تر دھاندلی کے باوجود پی ٹی آئی کو شکست دی، گلگت بلتستان کے اندر اگر وفاقی حکومت کی کامیاب ہونے کی دلیل دی جاتی ہے تو پیپلز پارٹی کے دور میں جو الیکشن ہوا، اس میں انہیں 14 نشستیں حاصل ہوئیں، مسلم لیگ نون کے دور میں الیکشن ہوا تو ہمیں 16 نشستیں ملیں لیکن جب پی ٹی آئی کے دور میں بدترین دھاندلی اور انتظامی وسائل جھونکنے کے باوجود پی ٹی آئی کو صرف 8 نشستیں ملیں اور وہ سادہ اکثریت بھی حاصل نہیں کر سکی، بالآخر ان آزاد امیدواروں پر دباؤ ڈال کر پی ٹی آئی میں شامل میں کرایا گیا جیسا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی اکثریت نہیں تھی، وہ دوسرے نمبر پر آئی تھی لیکن زبردستی آزاد امیدواروں کو پی ٹی آئی میں شامل کرواکر صوبہ پنجاب میں ان کی حکومت قائم کرائی گئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ میں خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ اگر کسی نے آزاد کشمیر کے الیکشن میں ایسا کرنے کی کوشش کی تو وہ مودی کا ایجنٹ ہو گا چونکہ کشمیر میں اگر کوئی تنازع پیدا ہوا تو اس فائدہ بھارت کو پہنچے گا لہٰذا میں اس وفاقی حکومت کو اس کی کشمیر اور شمالی علاقہ جات کی وزارت اور گلگت بلتستان میں مداخلت کرنے والے سیکیورٹی اداروں کو وارننگ دینا چاہتا ہوں کہ خدا کے لیے پاکستان کے مستقبل سے نہ کھیلیں اور آنے والے انتخاب میں پوری مسلم لیگ (ن) کشمیر کے الیکشن میں ایک، ایک پولنگ اسٹیشن اور ہر انتخابی مرحلے پر جا کر نگرانی کرے گی اور ہم کسی کو ووٹ چرانے نہیں دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 910165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش