QR CodeQR Code

آیت اللہ مصباح یزدی نے ولایت فقیہ کے دفاع میں ناروا تہمتیں سہیں لیکن اللہ پر بھروسہ کیا، میجر جنرل سلامی

آج ایران کیخلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی اپنے بانی سمیت شکست کھا چکی ہے

14 Jan 2021 18:49

آیت اللہ مصباح یزدی کی علمی خدمات کے اعزاز میں منعقد ہونیوالی ایک تقریب سے خطاب کرتے ایرانی سپاہ پاسداران کے کمانڈر نے تاکید کی ہے کہ علامہ مصباح جانتے تھے کہ وہ کس اہم موضوع کا دفاع کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انکے مقابلے میں مخالفین کیجانب سے کی جانیوالی ہر قسم کی جسارتیں اور گستاخیاں انہیں کبھی عدل و انصاف کی راہ سے ہٹا نہیں پائیں جبکہ اسلامی حکومت کا یہ میدان اسلام کا دم بھرنیوالے تمام لوگوں کیلئے آج ایک بہت بڑی آزمائش کا مقام ہے کیونکہ اسی حوالے سے دشمن کے وسوسوں کے مقابلے میں انکی بصیرت و بیداری کے میزان کو جانچا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف میجر جنرل حسین سلامی نے آیت اللہ مصباح یزدی کی علمی خدمات کے اعزاز میں منعقد ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ آیت اللہ مصباح یزدی درحقیقت دشمن کے ساتھ مقابلے کے میدان میں شہید ہوئے ہیں کیونکہ وہ ولایت فقیہ کے میدان میں اپنی مکمل آبرو و حیثیت کو قربان کر چکے تھے۔ جنرل حسین سلامی نے کہا کہ بزرگ علماء کی رحلت کے دوران ایک نئی ہستی وجود میں آتی ہے اور جیسا کہ بزرگ علماء کی ابدی شخصیت اپنے ہاتھوں سے تربیت کئے گئے شاگردوں کے افکار میں ہمیشہ کے لئے زندہ رہتی ہے، آیت اللہ مصباح یزدی بھی ہمیشہ اپنے شاگردوں کی روح، وجود اور قلب و فکر میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

سربراہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ آیت اللہ مصباح یزدی نے ولایت فقیہ کے دفاع میں ہر قسم کے دشنام و تہمتوں سہیں لیکن اللہ پر بھروسہ کیا، کہا کہ علامہ مصباح جانتے تھے کہ وہ کس اہم موضوع کا دفاع کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کے مقابلے میں مخالفین کی جانب سے کی جانے والی ہر قسم کی جسارتیں اور گستاخیاں انہیں کبھی عدل و انصاف کی راہ سے ہٹا نہیں پائیں۔ میجر جنرل سلامی نے آیت اللہ مصباح یزدی کی علمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بطور احسن جانتے تھے کہ سالہا سال کے بعد الہی حکومت تشکیل پائی ہے اور ولی امر مسلمین ہر قسم کے سازوسامان اور جدید علوم و فنون سے لیس دنیا بھر کے مستکبرین کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کے مانند مستحکم کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلامی حکومت کا یہ میدان اسلام کا دم بھرنے والے تمام لوگوں کے لئے ایک بہت بڑی آزمائش کا مقام ہے کیونکہ اسی حوالے سے دشمن کے وسوسوں کے مقابلے میں ان کی بصیرت و بیداری کے میزان کو جانچا جائے گا۔

میجر جنرل حسین سلامی نے ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کے بانی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کھلی شکست کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ امریکی صدر ایک ایسا افسرہ اور شکست خوردہ شخص ہے جس نے پورے امریکہ کو خاک میں ملا کر دکھ دیا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ اور اس کا بانی، دونوں شکست سے دوچار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دشمن کی پوری توجہ رہبر انقلاب کی مخالف پر ٹکی ہوئی ہے اور آپ دیکھ رہے ہیں کہ وہ کیسے رہبر معظم کے کلمات اور بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں حتی وہ (کرونا) ویکسین کے حوالے سے انسانی ہدایت پر مبنی ان کے روشن کلام میں بھی رکاوٹ بننے کی کوشش میں مصروف ہیں۔

سپاہ پاسداران کے کمانڈر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اندر سے کھوکھلا ہو چکا ہے جبکہ امریکہ کی صورتحال کا آپ خود ملاحظہ کر رہے ہیں تاہم انقلاب اسلامی ایران آج ایک ایسے مقام پر پہنچ چکا ہے کہ اُسے "جوہری معاہدے" (JCPOA) کی کوئی ضرورت نہیں؛ چاہے امریکہ اس میں شامل ہو یا نہ! انہوں نے تاکید کی کہ اسلامی نظام حکومت کے خلاف دشمنوں کی جانب سے جتنی سازشیں تیار کی گئیں، سب انہی کی جانب پلٹی ہیں جس کے باعث آج وہ دنیا بھر میں رسوا ہو چکے ہیں جبکہ اسلامی انقلاب کا رَستہ جاری و ساری ہے۔


خبر کا کوڈ: 910169

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910169/آیت-اللہ-مصباح-یزدی-نے-ولایت-فقیہ-کے-دفاع-میں-ناروا-تہمتیں-سہیں-لیکن-پر-بھروسہ-کیا-میجر-جنرل-سلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org