QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کا ’حقوق بلوچستان تحریک‘ شروع کرنے کا فیصلہ

14 Jan 2021 20:05

میڈیا سیل کے دورے کے موقع صوبائی امیر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی بدحالی و محرومیوں میں قوم پرست، سردار، بیوروکریٹ اور جرنیل سب برابر کے شریک ہیں، عوام کی حالت دن بدن بدتر، لوگوں کی جان و مال بھی محفوظ نہیں ہے، سانحہ مچھ اس کی واضح دلیل ہے، قاتل جہاں اور جتنے چاہے لوگوں کو مار سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت سب سے زیادہ بے بس ہے، اصل اختیار اقتدار میں لانے والوں کا ہوتا ہے، مالک سے لیکر باپ تک سب خالی ہاتھ جبکہ وزراء جھنڈے والی گاڑی، پروٹوکول میں ہی خوش اور شاہ سے بڑھ کر شاہ کی وفاداری دکھانے میں مصروف ہیں، بلوچستان کی بدحالی و محرومیوں میں قوم پرست، سردار، بیوروکریٹ اور جرنیل سب برابر کے شریک ہیں، عوام کی حالت دن بدن بدتر، لوگوں کی جان و مال بھی محفوظ نہیں ہے، سانحہ مچھ اس کی واضح دلیل ہے، قاتل جہاں اور جتنے چاہے لوگوں کو مار سکتے ہیں، حقوق بلوچستان سے لیکر تبدیلی کے دعوے سب جھوٹے نکلے، اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہی مسائل سے نجات اور حقوق دلا سکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سیل جماعت اسلامی سندھ کے دورے کے موقع پر بات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی نائب امیر مولانا اسماعیل مینگل اور سندھ کی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی جلد حقوق بلوچستان کے نام سے تحریک شروع کر رہی ہے، جس کی تفصیلات اور حتمی منظوری کل 15 جنوری کو حب میں منعقدہ مجلس شوریٰ کے سہ روزہ اجلاس میں لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حقوق بلوچستان تحریک کے سلسلے میں جلسہ، مظاہرے اور مطالبات پر مبنی عوامی چارٹر بھی پیش کیا جائے گا، جس میں لاپتہ افراد کی بازیابی، کرپشن کا خاتمہ، گیس، کوئلہ اور سونا سمیت قدرتی وسائل پر حق حاکمیت تسلیم کرنے کے ساتھ مقامی لوگوں کا معیار زندگی بدلنے کے مطالبات سر فہرست ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ باقی تین صوبے تو کچھ نہ کچھ وفاق سے اپنی بات منوا لیتے ہیں، مگر بلوچستان حکومت اپنے حقوق اور صوبے کی عوام کی قسمت کو بدلنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 910175

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910175/جماعت-اسلامی-کا-حقوق-بلوچستان-تحریک-شروع-کرنے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org