QR CodeQR Code

وفاقی کابینہ کی پی ڈی ایم کو سخت کارروائی کی دھمکی

14 Jan 2021 22:33

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیرِ اطلاعات و نشریات شبلی فراز، وزیر قانون فروغ نسیم اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرس سے خطاب کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزراء نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کے دوران پاکستان ڈیموکریٹک مؤمنٹ (پی ڈی ایم) قانون ہاتھ میں نہ لے، ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیرِ اطلاعات و نشریات شبلی فراز، وزیر قانون فروغ نسیم اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرس سے خطاب کیا۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پہلے اسمبلیوں سے استعفے دینے کا اعلان کیا، مگر اب یہ اپنے مؤقف سے انحراف کرتے ہوئے سینیٹ الیکشن میں بھرپور حصہ لینے جا رہے ہیں، جس بات کے یہ کل خلاف تھے، آج وہی کام کر رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے باہر ہونے والے احتجاج میں قانون ہاتھ میں نہیں لے گی، اگر ایسا ہوا تو ان کے خلاف قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست بند گلی کا شکار نہیں ہوئی ہے، اس میں ابھی بہت گنجائش باقی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کے رویئے میں بہت جلد تبدیلی نظر آئے گی، فضل الرحمن کو ایسے نعروں سے گریز کرنا چاہیئے، جس سے معاشرے میں انتشار پھیلے۔ شبلی فراز نے کہا کہ احتجاج کرنا سب کا جمہوری حق ہے، حکومت نے اپوزیشن کو اسلام آباد آنے سے نہیں روکا، البتہ احتجاج کے لیے جگہ کا تعین حکومت کرے گی۔ مولانا فضل الرحمن کو صرف پیزا نہیں، بلکہ میٹھائی بھی کھلائیں گے۔ فروغ نسیم نے سپریم کورٹ کے فیض آباد دھرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنے کے لیے ہر جگہ مناسب نہیں ہوتی، شہریوں کے تمام حقوق کا تحفط کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن تمام ریاستی اداروں کو ہدفِ تنقید بنا رہی ہے، جو قابل مذمت ہے۔


خبر کا کوڈ: 910198

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910198/وفاقی-کابینہ-کی-پی-ڈی-ایم-کو-سخت-کارروائی-دھمکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org