QR CodeQR Code

صادق اور امین کی جعلی سند رکھنے والے نے فارن فنڈنگ کا جرم مان لیا ہے، مریم نواز

14 Jan 2021 23:29

نجی ٹی وی کے مطابق مریم نواز کا کہنا ہے کہ 19 جنوری کو حساب مانگنے آرہے ہیں،7 سال سے کھٹائی میں پڑی واردات کا فیصلہ ہوگیا، اب تحریری فیصلہ باقی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے فارن فنڈنگ کیس میں پیش رفت پر ردعمل میں کہا ہےکہ سلیکٹڈ نے جرم مان لیا ہے۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ صادق اور امین کی جعلی سند رکھنے والا اب کہتا ہے کہ واردات اس نے نہیں، اس کے ایجنٹوں نے کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق مریم نواز کا کہنا ہے کہ 19 جنوری کو حساب مانگنے آرہے ہیں،7 سال سے کھٹائی میں پڑی واردات کا فیصلہ ہوگیا، اب تحریری فیصلہ باقی ہے۔

خیال رہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے جواب میں اعتراف کیا گیا ہےکہ  امریکا سے فارن فنڈنگ ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے جواب میں کہاگیا ہے کہ امریکا میں فنڈ اکٹھا کرنے والے ایجنٹس کو عمران خان کی واضح ہدایت تھی کہ صرف ان ذرائع سے فنڈنگ حاصل کریں جو ممنوعہ نہ ہوں، اگر کوئی ایجنٹ ہدایت کے برعکس رقم جمع کرے اور تفصیل بھی پارٹی کو نہ دے تو اس کی ذمہ دار پی ٹی آئی نہیں۔ 

پی ٹی آئی کے تحریری جواب کے مطابق ایجنٹس نے بیان حلفی دیا تھا کہ انھوں نے فنڈز اکٹھا کرنے کی پارٹی پالیسی پر عمل کیا۔ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ پہلے پی ٹی آئی کا ماننا تھا کہ اس نے امریکا سے غیر قانونی فنڈنگ لی ہی نہیں، اب وہ غیر قانونی فنڈنگ کا الزام ایجنٹس پر ڈال رہی ہے۔ فارن فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے قائم الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے دستاویزات کے صحیح یا غلط ہونے پرفیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز ریلی کی قیادت کریں گی، الیکشن کمیشن فیصلہ لکھنے کی تیاری کرلے، عوام فارن فنڈنگ کا فیصلہ لینے آرہے ہیں۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تسلیم کرلیا کہ 23 اکاؤنٹس سے فنڈنگ آئی ہے، ان کی کرپشن سامنے آگئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 910208

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910208/صادق-اور-امین-کی-جعلی-سند-رکھنے-والے-نے-فارن-فنڈنگ-کا-جرم-مان-لیا-ہے-مریم-نواز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org