QR CodeQR Code

عمران خان سے آذری وزیر خارجہ کی ملاقات، آزاد کرائے گئے علاقوں کی تعمیرنو کیلئے تعاون کی یقین دہانی

14 Jan 2021 23:38

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے بہترین دوطرفہ سیاسی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔


اسلام ٹائمز۔ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے بہترین دوطرفہ سیاسی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کو مقبوضہ علاقے آزاد کرانے پر مبارکباد دی اور آزاد کرائے گئے علاقوں کی تعمیر نو اور ترقی میں پاکستان کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے صدر الہام علیوف کی طرف سے وزیراعظم کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور نیگورنو ۔ کاراباخ کے تنازع پر پاکستان کی طرف سے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازع پر آذربائجان کی طرف سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔ قبل ازیں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ آذری وفد کی قیادت آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کر رہے تھے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین یکساں مذہبی، ثقافتی اقدار کی بنیاد پر گہرے برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آرمینیا کے ناجائز قبضے سے آذربائیجان کے علاقوں کو آزاد کروانے پر آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمارا عالمی سطح پر واضح موقف رہا ہے کہ آذربائیجان کی علاقائی سالمیت کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔ ان مذاکرات میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین اقتصادی، تجارتی، دفاعی تعاون کے فروغ سمیت تعلیم، ثقافت اور ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اقتصادی تعاون بالخصوص توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ سائنس اور زراعت کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا۔ وزرائے خارجہ نے کورونا کی عالمی وبا کے چیلنج کے مضمرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بھارتی ریاستی دہشت گردی کے حوالے سے آذری ہم منصب کو آگاہ کرتے ہوئے عالمی برادری کی جانب سے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آذربائیجان کی جانب سے مسلسل حمایت پر جیہون بیراموف کا شکریہ ادا کیا۔


خبر کا کوڈ: 910211

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910211/عمران-خان-سے-آذری-وزیر-خارجہ-کی-ملاقات-آزاد-کرائے-گئے-علاقوں-تعمیرنو-کیلئے-تعاون-یقین-دہانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org