QR CodeQR Code

وزیراعظم اپنی ناکامی کا خود اعتراف کر رہے ہیں، مہربانی فرما کر قوم کا مزید وقت ضائع نہ کریں، سراج الحق 

14 Jan 2021 23:52

ملتان سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ملک کو مدینہ کی اسلامی ریاست میں تبدیل کرنے کے دعوے کیے مگر اڑھائی سال گزرنے کے باوجود اس جانب ایک قدم بھی نہیں اٹھایا، مہنگائی میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے، پڑھے لکھے نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس ہو کر مزدوری کیلئے چوکوں چوراہوں میں بیٹھے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت قوم کو 950 دنوں کا حساب دے کہ کیا کھویا، کیا پایا۔ مافیاز اور وزراء کی چاندی ہوئی، لیکن عوام کے پاس جو تھا، وہ بھی نہ رہا۔ عام پاکستانی 42 قسم کے ٹیکس دے کر بھی صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے، اگر سب کا احتساب ہوتا تو براڈ شیٹ جیسے سکینڈل پر قوم کی سبکی نہ ہوتی۔ نوجوانوں کو دکھائے گئے سبز باغ ڈراونا خواب بن گئے، جو حکمران سڑکوں کا کوڑا نہیں سمیٹ سکتے، وہ کرپشن کا گند کس طرح صاف کریں گے۔ پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کا جھوٹ بولا گیا، وی آئی پی کلچر اسی طرح موجود ہے۔ غریب، پریشان اور پڑھا لکھا نوجوان بیلچہ اٹھا کر چوک میں بیٹھا ہے، وزیراعظم اپنی ناکامی کا خود اعتراف کر رہے ہیں، مہربانی فرما کر قوم کا مزید وقت ضائع نہ کریں، سارے پراجیکٹس بند پڑے ہیں، مہنگائی میں آئے روز اضافہ اور ملکی قرضے آسمانوں کو چھو رہے ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے ہر طرح کے انعامات سے نوازا ہے، یہ ملک ایٹمی طاقت ہے اور اس کا سب سے بڑا سرمایہ نوجوان ہیں، لیکن سب کچھ ہونے کے باوجود غریب عوام در بدر پھر رہے ہیں۔ قوم غیر ملکی قرضوں میں جکڑی ہوئی ہے، وزیراعظم نے ملک کو مدینہ کی اسلامی ریاست میں تبدیل کرنے کے دعوے کیے مگر اڑھائی سال گزرنے کے باوجود اس جانب ایک قدم بھی نہیں اٹھایا، مہنگائی میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے، پڑھے لکھے نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس ہو کر مزدوری کے لیے چوکوں چوراہوں میں بیٹھے ہیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکومت کے عوام سے کیے گئے تمام وعدے جھوٹ ثابت ہوئے، اب تو وزیراعظم نے اپنے وزیروں کو بھی کہہ دیا ہے اور اس حقیقت کو مان لیا ہے کہ قوم ان سے نالاں ہے۔ غریب انصاف کے لیے دربدر ٹھوکریں کھا رہا ہے، کارخانہ دار بھی پریشان ہے، چوکیدار بھی مایوس ہے، وی آئی پی کلچر میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔

آٹا، چینی، گھی، خوردنی تیل عام انسان کی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں۔ سکولز، کالجز، شادی ہالز، مارکیٹس بند پڑی ہیں۔ حکومت نے نہ صرف عوامی ریلیف کے لیے کسی منصوبہ کا آغاز نہیں کیا بلکہ پہلے سے جاری پراجیکٹس بھی بند پڑے ہیں، حکومت آئی ایم ایف کے احکامات پر آنکھیں بند کرکے عمل کر رہی ہے، ان کا پیر عوام کی گردنوں اور ہاتھ ان کی جیبوں پر ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمران مہربانی فرما کر قوم کا مزید وقت ضائع نہ کریں، وزیراعظم ایک سال تک قوم کو کٹے، بکریاں اور مرغیاں پالنے کا مشورہ دیتے رہے اور اب کہہ رہے ہیں کہ لوگ ٹیکس نہیں دیتے، اشرافیہ نے باغ و بہار پاکستان کے ریسورسز کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور عوام کو مکمل نظر انداز کیا، ان سے جان چھڑانا ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 910213

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910213/وزیراعظم-اپنی-ناکامی-کا-خود-اعتراف-کر-رہے-ہیں-مہربانی-فرما-قوم-مزید-وقت-ضائع-نہ-کریں-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org