QR CodeQR Code

پختونوں کے وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے پختون قیادت کو اسمبلیوں سے باہر رکھا گیا، ایمل ولی

14 Jan 2021 23:54

اے این پی کے صوبائی صدر کا چارسدہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ پاکستان کے مقتدر حلقے اے این پی کو کبھی حکومت اور اقتدار نہیں دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پختونوں کے وسائل پر قبضہ کرنے کے لئے پختون قیادت کو اسمبلیوں سے باہر رکھا گیا، پچھلے الیکشن میں عوامی نیشنل پارٹی کے منڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا اور سلیکٹڈ حکمرانوں کو قوم پر مسلط کیا گیا، پاکستان کے مقتدر حلقے یاد رکھیں کہ نہ ہمارے اکابرین اسمبلیوں اور حکومتوں کے شوقین تھے اور نہ ہم، لیکن پختونوں اور چھوٹی قومیتوں کے حقوق اور وسائل پر خاموش نہیں رہیں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی چارسدہ کے ضلعی دفتر میں ضلعی کونسل اور تحصیلوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ پاکستان کے مقتدر حلقے اے این پی کو کبھی حکومت اور اقتدار نہیں دیں گے کیونکہ ان کو تابعدار اور ایسی حکومت چاہیئے جن کو پختونوں کے وسائل اور حقوق کی فکر نہ ہو۔ اے این پی ایک دفعہ اقتدار میں آئی اور اٹھارہویں آئینی ترمیم اور صوبائی خودمختاری کی شکل میں ان کے پیٹ سے پختونوں اور چھوٹی قومیتوں کا حق نکالا، انہوں نے کہا کہ ہم کل بھی چھوٹی قومیتوں کے حقوق کے حصول کے لئے میدان میں تھے اور آج بھی میدان میں کھڑے جدوجہد کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مقتدر حلقے ہمیں اسمبلیوں سے تو باہر رکھ سکتے ہیں لیکن سیاست سے کسی بھی صورت میں باہر نہں رکھ سکتے۔ ہم پر الزامات لگائے گئے، خودکش دھماکوں میں مارا گیا، ہمیں ختم کرنے کی کوشش کرنے والے خود ختم ہوگئے  لیکن باچا خان کے پیروکار آج میں میدان میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے قوم کو پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا ہے، تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں کو تباہ و برباد کردیا گیا ہے، مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے لیکن سلیکٹڈ حکمرانوں پھر بھی اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باچا خان نے پختونوں میں تعلیم اورسیاسی شعور کو اجاگر کرنے اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لئے عملی جدوجہد کی اور اس کا باقاعدہ آغاز انجمن اصلاح الافاغنہ کی شکل میں 1921 میں کیا۔ باچا خان نے 100 سے زائد آزاد مدرسے قائم کئے تاکہ پختون قوم کو جہالت کے اندھیروں سے نکالا جا سکے۔ رواں سال انجمن اصلاح الافاغنہ کی صد سالہ تقریبات بھرپور طریقے سے منائیں گے، 20 جنوری سے 26 جنوری تک ہفتہ باچا خان کی تقریبات اور باقی پورا سال تمام اضلاع میں صد سالہ تقریبات منائی جائیں گی، جبکہ 23 جنوری کو باچا خان اور ولی خان کی برسیوں کے سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی پشاور میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔
 


خبر کا کوڈ: 910214

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910214/پختونوں-کے-وسائل-پر-قبضہ-کرنے-کیلئے-پختون-قیادت-کو-اسمبلیوں-سے-باہر-رکھا-گیا-ایمل-ولی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org