QR CodeQR Code

مولانا فضل الرحمان کی پارٹی نے بھی ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کر ہی لیا، حافظ حسین احمد

15 Jan 2021 23:03

جے یو آئی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کی طرح مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر دھوکہ دیا، جسکی میں نے پیشنگوئی کر دی تھی۔ پی ڈی ایم کا پنڈی کیجانب لانگ مارچ کا اعلان ”لیڈر بھبکی“ ہے، وہ پنڈی نہیں جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینیئر رہنماء سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ سینیٹ اور ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کے موقف پر ڈٹے رہنے والے ڈھیر ہوگئے، پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کے بعد مولانا فضل الرحمان کی پارٹی نے بھی ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کر ہی لیا، آزادی مارچ کی طرح مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر دھوکہ دیا، جس کی میں نے پیشنگوئی کر دی تھی، پی ڈی ایم کا پنڈی کی جانب لانگ مارچ کا اعلان ”لیڈر بھبکی“ ہے، وہ پنڈی نہیں جائیں گے۔ وہ جمعہ کے روز اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں مختلف وفود اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کے بعد مولانا فضل الرحمان کی پارٹی نے بھی ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کر ہی لیا، اسی طرح میری ایک اور پیشنگوئی بھی پوری ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ جب 20 ستمبر کو پی ڈی ایم استعفیٰ دینے، کسی بھی ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے، سینیٹ کے الیکٹورل کالج کو ختم کرنے کے میثاق پاکستان پر دستخط کرچکے تھے تو میں نے واضح طور میڈیا پر کہہ دیا تھا کہ ان تلوں میں تیل نہیں اور مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی آزادی مارچ کی طرح ہمیں دھوکہ بھی دیں گے اور موقف تبدیل کر دیں گے، اس وقت تک مولانا فضل الرحمان اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے تھے، لیکن اب وہ بھی مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کے سامنے ڈھیر ہوگئے، اس طرح انہوں نے یوٹرن لینے میں عمران خان کو بھی شکست دیدی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کے اعلان کو اس لیے ہم نے ڈرامہ کہا تھا کہ کیونکہ 2018ء کی دھاندلی زدہ اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان نے صدارتی الیکشن لڑا، اپنے بیٹے اسعد محمود کو ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن لڑوایا اور اڑھائی سال سے اس کے ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کی زینت بنے بیٹھے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ اب کیونکہ بلوچستان میں فضل آغا مرحوم اور خیبر پختونخوا میں منیر خان اورکزئی کی وفات سے خالی ہونے والی نشستوں کے حصول کے لیے ایک بار پھر اصولی موقف کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا پنڈی کی جانب لانگ مارچ کا اعلان بھی ”لیڈر بھبکی“ ہے، وہ پنڈی نہیں جائیں گے کیونکہ دیگر ”بلاؤں“ کے ساتھ شیخ رشید بھی وہی پنڈی میں رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی قیادت مریم نواز کریں گی، ڈی چوک کی جانب لانگ مارچ کی قیادت بلاول بھٹو زرداری اور جی ایچ کیو پنڈی کے دھرنے کی قیادت مولانا فضل الرحمان کریں گے، انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن کے وہی رولز ہونگے، جو 2018ء کے انتخابات میں آزمائے گئے تھے، بہرحال ماضی میں پی ڈی ایم والے ”فروٹ چاٹ“ اور ”چنا چاٹ“ سے شغل کرتے رہے ہیں، اب لگتا ہے کہ ”تھوک چاٹ“ کی طرف رجحان ہوگیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 910383

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910383/مولانا-فضل-الرحمان-کی-پارٹی-نے-بھی-ضمنی-الیکشن-میں-حصہ-لینے-کا-فیصلہ-کر-ہی-لیا-حافظ-حسین-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org