QR CodeQR Code

پٹرولیم قیمتوں میں مزید اضافہ ظلم و معاشی دہشتگردی ہے، عنایت اللہ خان

15 Jan 2021 23:13

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کو آمدن کا ذریعہ بنالیا گیا ہے۔ ‏کوئی وزیراعظم کو خبردار کرے کہ اب صرف سانس لینے پر ہی ٹیکس لگانا باقی رہ گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر و ممبر صوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران دوسری بار اضافہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ظلم و معاشی دہشت گردی ہے۔ بجلی، گیس، گھی، چینی اور آٹے سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں ہر کچھ دن کے بعد اضافے سے اندازہ ہوتا ہے کہ حکومت کو عوامی مشکلات کا کوئی اندازہ اور احساس نہیں۔ نئے پاکستان میں عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کو آمدن کا ذریعہ بنالیا گیا ہے۔ ‏کوئی وزیراعظم کو خبردار کرے کہ اب صرف سانس لینے پر ہی ٹیکس لگانا باقی رہ گیا ہے۔ کام کوئی نہیں کیا، تین سالوں میں کوئی ایک میگا پراجیکٹ شروع نہیں کیا جا سکا، مگر ٹیکسوں کی شرح اور رفتار بڑھتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیسہ کس کی جیب میں جا رہا ہے؟ یہ صورتحال انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ تسلیم نہیں کرتے۔ عنایت اللہ خان نے کہا کہ عمران خان نے حکومت میں آنے سے قبل عوام کے ساتھ بے شمار وعدے کئے اور انہیں سبز باغ دکھائے لیکن حکومت میں آنے کے بعد اپنے ہر وعدے سے یوٹرن لے کر مکر گئے۔ حکومت میں موجود پرانے کھلاڑیوں نے حکومت کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ حکومت میں موجود مافیا عوام کی تکالیف سے بے پرواہ ہوکر اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پندرہ دن بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور قیمتوں میں اضافہ واپس لے کر عوام کو ریلیف دے۔


خبر کا کوڈ: 910384

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910384/پٹرولیم-قیمتوں-میں-مزید-اضافہ-ظلم-معاشی-دہشتگردی-ہے-عنایت-اللہ-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org