0
Friday 15 Jan 2021 23:58

ایرانی سپاہ پاسداران کیجانب سے وسیع میزائل و ڈرون مشقوں کا آغاز

ایرانی سپاہ پاسداران کیجانب سے وسیع میزائل و ڈرون مشقوں کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ ایرانی انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف میجر جنرل حسین سلامی نے وسیع میزائل و ڈرون مشقوں کے آغاز کے موقع پر خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو میں زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ "پیغمبر اعظم (ص)-15" مشترکہ فوجی مشقوں کے پہلے مرحلے میں بیلسٹک میزائلوں کے داغے جانے اور مقرر شدہ اہداف کے انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنائے جانے کے ساتھ ساتھ گائیڈینس و کنٹرول کی پیشرفتہ ٹیکنالوجی اور ہدف کو تلاش کر کے نشانہ بنانے کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے حامل جارحانہ جنگی ڈرونز کی بڑے پیمانے پر پروازوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے اقتدار اور دفاعی طاقت کا حسین منظر پیش کیا ہے۔

77 ہزار 600 مربع کلومیٹر پر مشتمل ایران کے صحرائی علاقے "کویر مرکزی" میں شروع ہونے والی وسیع میزائل و ڈرون مشقوں کے موقع پر خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سربراہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے جنگی ڈرونز کی گائیڈینس اینڈ کنٹرول سسٹم پر مبنی جدید ٹیکنالوجی کی کامیاب آزمائش اور بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے مقرر شدہ اہداف کے انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنائے جانے کو پیغمبر اعظم (ص)-15 فوجی مشقوں کا ممتاز ترین حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ایرانی ایروسپیس فورس کی جانب سے استعمال کی گئی میزائل و ڈرون ٹیکنالوجی مدنظر تمام اہداف پر پورا اتری ہے۔ جنرل حسین سلامی نے تاکید کی کہ آج ایرانی ایروسپیس فورس کے لئے ایک نیا اور منفرد دن ہے اور میں اس عظیم کامیابی پر انقلاب اسلامی ایران کے عظیم رہبر، ایرانی قوم اور انقلاب اسلامی کے تمام چاہنے والوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں! انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ آج جس چیز نے پرواز کی ہے وہ درحقیقت اپنی اہم اقدار کے دفاع پر مبنی ایرانی قوم کا مستحکم ارادہ ہے!

اس موقع پر ان کے ہمراہ ایرانی ایروسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادہ بھی موجود تھے جنہوں نے خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج استعمال ہونے والے تمام میزائل ہمارے بیلسٹک میزائلوں کی جدید نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔ بریگیڈیئر جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ ان تمام میزائلوں کی صلاحیتیں بھی پہلے میزائلوں سے بڑھ کر اور جدید ٹیکنالوجی پر استوار ہیں جبکہ ان میزائلوں کی ڈرون آپریشنز کے ساتھ ترکیب اور مصنوعی ذہانت سمیت حاصل ہونے والی پیشرفت کا کامیابی کے ساتھ استعمال درحقیقت آج منظر عام پر آنے والی ایک نئی طاقت ہے۔ واضح رہے کہ ایرانی سپاہ پاسداران کی یہ فوجی مشقیں ایرانی بحریہ کی مشترکہ مشقوں کے اختتام کے فورا بعد ہی شروع کر دی گئی ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 910401
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش