QR CodeQR Code

ملک کو تباہی سے بچانے کیلئے ہمیں اس سازش کو ناکام بنانا ہوگا

سنی، شیعہ، دیوبندی، اہلحدیث کو لڑانے کی سازش کی جا رہی ہے، پیر نورالحق قادری

پاک فوج کیخلاف غلیظ مہم دلی اور تل ابیب سے شروع ہوکر براستہ لندن پاکستان پہنچتی ہے

16 Jan 2021 18:10

لاہور میں تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ لیبیا، یمن، شام اور عراق میں فرقہ واریت کا کارڈ چلا، جسکی وجہ سے یہ ملک تباہ ہوئے، ہمیں اس سازش کو ناکام بنانا چاہیئے، اس سازش کو ناکام بنانے کیلئے مندر، مسجد، امام بارگاہ اور چرچ کا کردار اہم ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کے اعزاز میں کل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم کی جانب سے لاہور میں استقبالیہ دیا گیا۔ استقبالیہ کی تقریب سمن آباد میں جامع مسجد کبریٰ میں منعقد ہوئی۔ استقبالیہ میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، پی ٹی آئی علماء و مشائخ ونگ کے سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ اصغر عارف چشتی، مولانا سلمان شاکر، پیر سید ناظم حسین شاہ، مفتی عاشق حسین، مراد یاسین، چودھری ارشد گجر، مولانا افضل حیدری، پیر سید حبیب عرفانی، قاسم علی قاسمی، حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا ایوب خان، شکیل الرحمن ناصر، بشپ عرفان جمیل، پیر افضل سلطان قادری، ریاض سلطان، مولانا سلمان شاکر، ڈاکٹر بدر منیر، پیر اسد اللہ شاکر، عبدالرب امجد سمیت دیگر نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ سنی، شیعہ، دیوبندی، اہلحدیث کو لڑانے کی سازش کی جا رہی ہے، لیبیا، یمن، شام اور عراق میں فرقہ واریت کا کارڈ چلا، جس کی وجہ سے یہ ملک تباہ ہوئے، ہمیں اس سازش کو ناکام بنانا چاہیئے، اس سازش کو ناکام بنانے کیلئے مندر، مسجد، امام بارگاہ اور چرچ کا کردار اہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بطور پاکستانی میں فخر سے کہتا ہوں کہ تمام اسلامی دنیا میں ہمیں جو مذہبی آزادی حاصل ہے، وہ کسی دوسرے ملک میں نہیں۔ لیکن سوچنا چاہیئے کہ اس آزادی سے ہم کیسا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک عالم دین کی کامیابی یہ ہے کہ جب وہ کسی مسجد کو سنبھالے تو اختلاف کو اتحاد میں بدل جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بازاری گفتگو کی مارکیٹ میں مانگ ہے، مگر اس گفتگو اور طریقہ سے کئی سوال اٹھتے ہیں، جس کا جواب دینا ہمارے لئے مشکل ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ علماء کو چاہیئے کہ ایسی باتیں نہ کریں، جس سے معاشرے میں الجھائو پیدا ہو۔

استقبالیہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے پی ڈی ایم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ وفاقی وزیر نے مولانا فضل الرحمن کا نام لئے بغیر اُن کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹرمپ کی پیروی نہ کریں۔ پیر نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے نام پر جو کچھ ہو رہا ہے، یہ ڈیموکریٹک موومنٹ نہیں، فوج کو بُرا بھلا کہتے ہیں، حکومت کو ختم کرنے کی بات کرتے ہیں، آپ آئیں عدم اعتماد کی تحریک لائیں یا پھر 2023ء کے الیکشن کی تیاری کریں، کیوں فتنہ پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت مختلف اداروں کو متنازع بنا رہے ہیں، سسٹم کو گرانے اور تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک جمہوری تگ و دو کے بعد حاصل کیا ہے، ہمیں ریاست کی ریڈ لائن کو قول و فعل میں تضاد سے کراس نہیں کرنا چاہیئے، اگر ہم ریاست کیساتھ برسر پیکار ہوں تو یہ ٹھیک نہیں، پاک فوج کیخلاف ایک عرصے سے ایک غلیظ مہم جوئی ہو رہی ہے، جو تل ابیب اور دہلی سے شروع ہوتی ہے اور لندن کے راستہ پاکستان پہنچتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 910554

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910554/سنی-شیعہ-دیوبندی-اہلحدیث-کو-لڑانے-کی-سازش-جا-رہی-ہے-پیر-نورالحق-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org