QR CodeQR Code

کورونا ٹیکہ کاری مرکز پر کسانوں کا ہنگامہ، بی جے پی کیخلاف نعرے بازی

16 Jan 2021 20:21

بتایا جاتا ہے کہ ٹیکہ کاری مرکز پر بھارتیہ کسان یونین سے جڑے کسان بڑی تعداد میں پہنچ گئے اور ہنگامہ شروع کردیا۔ اس ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے بی جے پی رکن اسمبلی لیلا رام نے کورونا ٹیکہ کاری مرکز پہنچنے کا ارادہ ترک کردیا۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت بھر میں آج سے کورونا ٹیکہ کاری مہم کی شروعات ہوگئی ہے۔ اسی کے تحت ہریانہ کے کیتھل میں بنائے گئے ایک کورونا ٹیکہ کاری مرکز پر ٹیکہ کاری شروع ہونے سے پہلے ہی کسانوں نے پہنچ کر زبردست ہنگامہ شروع کر دیا۔ ناراض کسانوں نے ٹیکہ کاری کے لئے مرکز پر پہنچے طبی اہلکاروں کو بھی وہاں سے بھگا دیا۔ دراصل کسانوں کی یہ ناراضگی مقامی بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف تھی۔ مرکز کے افتتاحی پروگرام میں بی جے پی رکن اسمبلی لیلا رام کو پہنچنا تھا لیکن یہ خبر جیسے ہی کسانوں تک پہنچی، وہ ٹیکہ کاری مرکز پر پہنچ گئے اور لیلا رام کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹیکہ کاری مرکز پر بھارتیہ کسان یونین سے جڑے کسان بڑی تعداد میں پہنچ گئے اور ہنگامہ شروع کر دیا۔ اس ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے بی جے پی رکن اسمبلی لیلا رام نے کورونا ٹیکہ کاری مرکز پہنچنے کا ارادہ ترک کر دیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ناراض گاؤں والوں نے کورونا ٹیکہ اور دیگر طبی ساز و سامان کے ساتھ طبی اہلکاروں کو یہ کہتے ہوئے ٹیکہ کاری مرکز سے بھگا دیا کہ سب سے پہلے یہ ٹیکہ مقامی رکن اسمبلی لیلا رام کو ہی لگایا جائے۔ ساتھ ہی مقامی لوگوں کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ویکسین سب سے پہلے ہریانہ حکومت کے وزراء، اراکین اسمبلی اور دیگر سیاسی لیڈروں کو لگائی جائے، اس کے بعد ہی عام لوگوں کے درمیان کورونا کا یہ ٹیکہ پیش کیا جائے۔ بالآخر انتظامیہ کو ضلع اسپتال میں کورونا ٹیکہ کاری مرکز قائم کرنا پڑا۔ چیف میڈیکل آفیسر اوم پرکاش نے بتایا کہ ویکسین سنٹر کو وہاں سے منتقل کر دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 910571

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910571/کورونا-ٹیکہ-کاری-مرکز-پر-کسانوں-کا-ہنگامہ-بی-جے-پی-کیخلاف-نعرے-بازی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org