0
Saturday 16 Jan 2021 21:35

کراچی میں دوبارہ مردم شماری کرانے کا عندیہ، ایم کیو ایم پی ٹی آئی متفق

کراچی میں دوبارہ مردم شماری کرانے کا عندیہ، ایم کیو ایم پی ٹی آئی متفق
اسلام ٹائمز۔ بہادرآباد میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم پاکستان کے وفود کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات ختم ہوگئی، رہنماؤں کی جانب سے مردم شماری دوبارہ کرانے پر اتفاق رائے ہوا۔ ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد میں پی ٹی آئی کے رہنما اور وفاقی وزیر اسد عمر کی قیادت میں ایک وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات اور مختلف امور خصوصاً مردم شماری کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ میں ہونے والی مردم شماری پر ہر بار سوالات اٹھتے ہیں، خصوصاً کراچی میں مردم شماری پر ہمارے تحفظات ہیں، جس کا کئی مرتبہ اظہار کرچکے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مردم شماری 6،7 سال کی تاخیر سے ہوئی، ہمارا مطالبہ ہے کہ آئندہ الیکشن نئی مردم شماری کی بنیاد پر کرائے جائیں، آج کی ملاقات میں بھی ہم نے یہی مؤقف رکھا ہے، آج یہ بھی فیصلہ ہوا ہے کہ دوبارہ مردم شماری جلد ہوگی، اس کے علاوہ مردم شماری کے معاملے کو سی ای سی میں بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ مردم شماری ہم نے نہیں بلکہ گزشتہ حکومت نے کروائی تھی، اس سلسلے میں چاروں صوبوں سے شکایات موصول ہوئی تھیں لیکن گزشتہ حکومت نے عوامی تحفظات کے باوجود مردم شماری کے مسئلے پر کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی پارٹیاں مردم شماری کے نام پر اپنی سیاست چمکا رہی ہیں، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق پشاور میں بھی کراچی کی مردم شماری پر جلسہ کریں۔

اسد عمر نے کہا کہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی سے متعلق لوگوں کے کافی تحفظات ہیں، ماضی میں جو کچھ بھی غلط ہوا اسے ہم ٹھیک کرنا چاہتے ہیں، تکینکی ٹیم مردم شماری سے متعلق کام کررہی ہے، امین الحق کی سربراہی میں مردم شماری سے متعلق جو کمیٹی بنائی گئی ہے جیسے ہی سفارشات مکمل ہوں گی، کابینہ میں جلد مردم شماری دوبارہ کرانے کی سفارش کریں گے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ آج کی ملاقات میں یونیورسٹی سے متعلق بھی مشاورت کی گئی، ہم ایسا نظام چاہتے ہیں جو شفاف ہو جہاں عوام کے مسائل حل ہوں، کراچی میں ٹرانسپورٹ سے متعلق کوئی بھی نظام موجود نہیں، کراچی میں گرین لائن منصوبہ جلد شروع ہونے والا ہے، اگر ملک کا نظام جعلی ڈگری پر چلے گا تو ملک کیسے چلے گا؟ریلوے کے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے، عوام کو انشاءاللہ فیصلے ہوتے نظر آئیں گے۔
خبر کا کوڈ : 910583
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش