QR CodeQR Code

شمالی وزیرستان، پروفیسر ڈاکٹر ولی اللہ نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل

16 Jan 2021 21:49

واقعے کے بارے میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر سیف اللہ گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ولی اللہ گجو خان میڈیکل کالج صوابی میں پیتھالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر تھے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان ڈاکٹر جاں بحق ہوگیا۔ جمعہ کی رات کو پیش آئے واقعے کے بارے میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) سیف اللہ گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ولی اللہ گجو خان میڈیکل کالج صوابی میں پیتھالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر تھے اور ان پر میر علی بائی پاس روڈ پر فائرنگ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ واقعہ رات 9 بجے کے قریب پیش آیا اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب مقتول پیتھالوجسٹ کے ساتھی ڈاکٹر زاہد اقبال داوڑ نے ہفتے کو صحافیوں کو بتایا کہ وہ لوگ پشاور سے میر علی جا رہے تھے، جب آئی پی آئی گاؤں کے قریب ان کی کار پر شدید فائرنگ کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران ایک گولی ڈاکٹر ولی اللہ کے پچھلے حصے میں لگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ہماری گاڑی بائی پاس روڈ سے گزر رہی تھی تو اس پر شدید فائرنگ ہوئی، ساتھ ہی ان کا کہنا ڈاکٹر ولی اللہ کو ان کے بھائی ڈاکٹر اسد کے کلینک منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ولی اللہ ہفتے کے اختتام پر باقاعدگی سے اپنے آبائی علاقے آتے تھے، جہاں وہ ایک نجی لیبارٹری چلاتے تھے جبکہ ان کے خاندان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ علاوہ ازیں مقامی ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے اس قتل کی مذمت کرتے ہوئے پیر کو ہڑتال کی کال دے دی۔


خبر کا کوڈ: 910589

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910589/شمالی-وزیرستان-پروفیسر-ڈاکٹر-ولی-اللہ-نامعلوم-افراد-کے-ہاتھوں-قتل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org