0
Saturday 16 Jan 2021 22:41

خدا کی خوشنودی صرف اسے حاصل ہوگی جس سے فاطمۃ الزہراء (س) راضی ہونگی، علامہ راجہ ناصر عباس

خدا کی خوشنودی صرف اسے حاصل ہوگی جس سے فاطمۃ الزہراء (س) راضی ہونگی، علامہ راجہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اُم الآئمہ خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سیدۃ النساء العالمین کی ذات مقدسہ چودہ سو سالوں سے معیار حق و صداقت ہے، امت مسلمہ اس ایک نکتہ پر باہم ہو کر سارے اختلافات اور مسلکی جھگڑوں کو ہمیشہ کے لیے ختم کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا صدیقہ کائنات ہیں، ان کی ناراضگی کو نبی کریم (ص) نے اللہ اور اس کے رسول (ص) کی ناراضگی قرار دیا ہے۔ خدا تعالیٰ کی خوشنودی صرف اسے ہی حاصل ہوگی, جس سے فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا راضی ہوں گی۔ جن کی نظریں اس درِ اقدس پر جھکی رہتی ہیں، ان کے سر باطل کے سامنے ہمیشہ بلند رہتے ہیں۔ حضرت امام حسین علیہ السلام کی شجاعت اور امام حسن علیہ السلام کا تدبر و فراست اُسی ماں کی تربیت کا نتیجہ ہے، جسے دنیا ام ابیہا اور خاتون جنت جیسے القاب سے جانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دور عصر کے طاغوت اور استکبار کا مقابلہ کرنے کے لیے اہلبیت اطہار علیہم السلام کی تعلیمات کو اپنانا ہوگا، مادیت پسندی کے موجودہ دور نے انسان پر خواہشات نفس کا غلبہ طاری کیا ہوا۔ امت مسلمہ اسلام کی بنیادی تعلیمات سے منحرف ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس صورتحال میں ماؤں کے کردار کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ حضرت فاطمۃ الزہراء سلام الله علیہا کے کردار و عمل کو اپنی زندگیوں پر لاگو کرکے معاشرے کو اسلام کے حقیقی اصولوں میں ڈھالا جا سکتا ہے۔ اولاد کی کردار سازی کے لیے دختر رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانا ہوگا، تاکہ دنیا و آخرت میں سرخروئی حاصل ہو۔
خبر کا کوڈ : 910602
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش