0
Sunday 17 Jan 2021 11:37

ملائیشیا کی عدالت کی جانب سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، سرور خان

ملائیشیا کی عدالت کی جانب سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، سرور خان
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے ملائیشیا میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا طیارہ روکے جانے سے متعلق کہا ہے کہ ویتنام سے لیز پر حاصل کیے گئے مسافر طیاروں کے واجبات کا معاملہ برطانوی عدالت میں زیر سماعت ہے جبکہ ملائیشیا کی عدالت کی جانب سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔راولپنڈی میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت میں اس وقت کے وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم نے انتہائی مہنگے معاہدے پر ویتنام سے 2 طیارے حاصل کیے، تاہم کووڈ 19 کی وجہ سے ان کے واجبات کی ادائیگی ممکن نہیں ہوسکی۔
 
غلام سرور نے بتایا کہ لیز جولائی میں ختم ہورہی ہے لیکن ہم نے لندن کورٹ آف آربیٹریشن میں کیس دائر کیا ہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے بقایاجات ادا نہیں کرسکے اور جیسے ہی کورونا کے بعد صنعت بحال ہوگی تمام بقایاجات ادا کردیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے کمپنی کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے مہنگے ترین معاہدے کیے۔ علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ ویتنام کی جانب سے ملائیشیا کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا جبکہ عدالت کی جانب سے بہرحال کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا اور بغیر اطلاع دیے جہاز کو اپنی تحویل میں لے لیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ملائیشیا کی ایک مقامی عدالت کے حکم پر کوالالمپور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا مسافر طیارہ بوئنگ 777 روک لیا گیا تھا۔اس ضمن میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور نے واضح کیا کہ اٹارنی جنرل سے ہدایات لے لی گئی ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ 22 تاریخ کو برطانوی اور 24 تاریخ کو ملائیشیا کی عدالت میں پیش ہو کر اپنا مؤقف دیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اصل فیصلہ برطانوی عدالت سے آئے گا اور ہمیں منظور ہوگا۔ مذکورہ معاملے پر ترجمان پی آئی اے نے کہا تھا کہ پی آئی اے اور ایک دوسرے فریق کے مابین برطانیہ کی عدالت میں قانونی تنازع زیر التوا ہے جس کے تناظر میں ملائیشیا کی مقامی عدالت کے دیے گئے یکطرفہ حکم پر طیارے کو روکا گیا۔ مذکورہ طیارے کی واجب الادا رقم کی مالیت مبینہ طور پر 14 ملین ڈالرز ہے اور اس ضمن میں لندن کی عدالت میں معاملہ ثالثی کے مراحل میں ہے۔ ثالثی کے باوجود لیز کمپنی نے ملائیشیا کی مقامی عدالت سے طیارہ روکے جانے کا حکم نامہ جاری کرایا اور عدالتی حکم پر طیارے کو ٹیک آف سے قبل روک دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 910676
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش