0
Sunday 17 Jan 2021 13:08

کراچی، عدالت نے کالعدم تنظیم کے حملہ آور کو سزائے موت سنا دی

کراچی، عدالت نے کالعدم تنظیم کے حملہ آور کو سزائے موت سنا دی
اسلام ٹائمز۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ایک مزار پر حملے کے دوران 3 افراد کو قتل کرنے والے ایک حملہ آور کو سزائے موت سنا دی، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کا کالعدم لشکر جھنگوی سے تعلق تھا۔ ذرائع کے مطابق محمد اسحٰق عرف بوبی 23 اگست 2014ء کو کورنگی میں نذر علی شاہ کے مزار کے متولی ظاہر حسین شاہ، ان کے دوست محمد یونس اور مزار کے ایک ملازم محمد نواز کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کا مرتکب قرار پایا۔ اے ٹی سی-16 کے جج کی جانب سے مذکورہ فیصلہ سنایا گیا، ساتھ ہی جج نے مجرم کو حکم دیا کہ وہ ہر متاثرہ فرد کے قانونی وارث کو 2 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرے، اس کے علاوہ سزا یافتہ شخص کو ریاست کو بھی 2 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔ مزید برآن جج نے دہشت گردی کے لیے مذکورہ شخص کو 10 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی، اس کے علاوہ عدالت نے مجرم کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم دیا۔ تاہم تمام سزاؤں کی سندھ ہائی کورٹ سے توثیق ہونی ہے اور ان پر بیک وقت عمل درآمد ہوگا۔

علاوہ ازیں استغاثہ کے مطابق واقعے کے دن 2 نوجوان لڑکے مزار گئے تھے اور وہاں ایک ملازم سے مزار کے متولی سید زاہد حسین سے متعلق معلومات حاصل کی تھیں، بعد ازاں 10 منٹ بعد دونوں افراد واپس آئے اور فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے تھے۔ ابتدائی طور پر تفتیشی افسر نے اے کلاس رپورٹ جمع کروائی تھی، جس میں ملزمان کو نامعلوم قرار دیا تھا۔ بعد ازاں ملزم اسحٰق عرف بوبی کو ایک دوسرے کیس سے تعلق پر گرفتار کیا گیا تھا اور دوران تفتیش اس نے تہرے قتل کیس میں اپنے ملوث ہونے کا بتایا۔ اسٹیٹ پراسیکیوٹر محمد رضا کاٹھور اور غلام مرتضیٰ میتلو نے مؤقف اپنایا کہ عینی شاہد محمد عامر نے متعلقہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے کی گئی شناختی پریڈ میں ملزم کو واضح طور پر شناخت کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کیس میں ملزم کے کردار کو جرم سے جوڑنے کے لیے کافی حالاتی اور فرانزک ثبوت موجود ہیں جبکہ اس کی فرقہ وارانہ قتل میں ملوث ہونے کی تاریخ بھی ہے، اس کے علاوہ وہ امام بارگاہ میں دھماکے اور فرقہ وارانہ بنیاد پر ایڈووکیٹ سید وقار شاہ کے قتل کے کیس میں بھی سزا یافتہ ہے۔ پراسیکیوٹرز نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ قانون کے مطابق ملزم کو سخت سزا دے۔
خبر کا کوڈ : 910686
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش