0
Sunday 17 Jan 2021 14:04

عمران حکومت بھی سابقہ کرپٹ و نااہل حکومتوں کا تسلسل ہے، جماعت اسلامی

عمران حکومت بھی سابقہ کرپٹ و نااہل حکومتوں کا تسلسل ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ نے تبدیلی کے دعویدار حکمرانوں کی جانب سیے چینی، گھی، بجلی کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر بجلی گرانے کے مترادف قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت قیمتوں پر کنٹرول، مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے سنجیدہ اقدامات کرکے انتخابات میں قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امراء پروفیسر نظام الدین میمن، ممتاز حسین سہتو، عبدالغفار عمر، حافظ نصراللہ عزیز اور انجنیر اظہارالحق نے مشترکہ بیان میں کہا کہ 90 دنوں میں حالات ٹھیک کرنے کے دعویدار حکمرانوں نے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے ٹیکسوں کی بھرمار اور مہنگائی کے طوفان کے ذریعے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، معاشی صورتحال ابتر اور ادارے تباہ ہوگئے، مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ایک ماہ میں دو مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی، جبکہ ملائشیا میں پی آئی اے کے طیارہ کو روکنے کا واقعہ جگ ہنسائی کی بدترین مثال ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی سابقہ کرپٹ و نااہل حکومتوں کا تسلسل ہے، جس نے اپنی نااہلی و غلط پالیسیوں سے نہ صرف ملک کا عزت و وقار مجروح، بلکہ عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی و آٹا اسکینڈل میں ملوث لوگوں کو عبرت کا نشان بنانے کی بجائے حکومتی چھتری میں تحفظ دیا جا رہا ہے، حکومتی نااہلی و بے حسی پر عوام سراپا احتجاج ہیں، اب تو خود حکومتی صفوں سے بھی آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے 950 دن نااہلی و ناکامی سے پر ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ تبدیلی کے سارے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے، ملک میں حقیقی تبدیلی اور ملک و قوم کے مسائل صرف اسلام کا عادلانہ نظام اور دیانتدار قیادت حل کر سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 910692
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش