0
Sunday 17 Jan 2021 19:18
حکومت ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے

سانحہ مچھ کے ملزمان کے سرپرست جلد قانون کی کٹہرے میں ہوں گے، طاہر اشرفی

مولانا فضل الرحمن کو چائے کیساتھ ایسا حلوہ کھلائیں گے کہ طبعیت خراب نہ ہو
سانحہ مچھ کے ملزمان کے سرپرست جلد قانون کی کٹہرے میں ہوں گے، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ختم نبوت کی چوکیدار ہے،  فرانس میں بنائے گئے گستاخانہ خاکوں پر تمام اسلامی ممالک سے رابطے میں ہیں۔ سیرت اکیڈمی اپر مال لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ کسی کو فتنہ بازی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، مقدسات اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ مچھ کے ملزمان کے پیچھے جو بھی قوتیں کارفرما ہیں، وہ جلد قانون کے کہٹرے میں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت کے مسئلے پر کمپرومائز نہیں کیا جائیگا، نبی پاک صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور تمام انبیاء کرام کے احترام کا قانون بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اور مساجد کو ماضی کی نسبت زیادہ تحفظ حاصل ہے۔ حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ حکومت نے خطیبوں کو اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس پر بھی کچھ لوگوں کو تکلیف ہے، ہم کسی کو سیاست کی آڑ میں فتوے بازی نہیں کرنے دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو چائے کیساتھ حلوہ بھی دیں گے، انہیں ایسا حلوہ کھلائیں گے کہ طبعیت خراب نہ ہو۔

 حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ بھارت پاکستان میں مسلکی انتشار پھیلانا چاہتا ہے، افغانستان میں مختلف دہشتگرد گروپوں کو اکٹھا کیا جا رہا ہے، حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے، سانحہ مچھ کے ملزمان کے پیچھے جو بھی قوتیں ہوں گی، ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے فلسطین پر جرات مندانہ موقف پر دوسروں کو بھی فلسطین یاد آگیا، عمران خان کی کرامت ہے کہ اب سب کو فلسطین یاد آرہا ہے، پاکستان کے مسئلہ فلسطین پر مضبوط مؤقف پر فلسطینی بھی فخر کرتے ہیں۔ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مولانا اجمل قادری نے خود کہا کہ وہ نواز شریف، شہباز شریف کو بتا کر اسرائیل گئے تھے، مولانا اجمل قادری اگر نواز شریف، شہباز شریف کو بتا کر اسرائیل گئے تو اُن کیخلاف کیا کارروائی کی گئی؟ پاکستانی پاسپورٹ کا غلط استعمال کیا گیا، اِس پر کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ اگر اسرائیل کا دورہ کرنے پر مولانا اجمل قادری کیخلاف کارروائی نہیں ہوئی تو اِس کا مطلب ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔
خبر کا کوڈ : 910722
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش