QR CodeQR Code

حکومت کی نالائقی، نااہلی، عوام دشمنی اور جھوٹ پوری طرح آشکار ہو گئے، سراج الحق

17 Jan 2021 21:20

وفود سے ملاقات میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ دئیے۔ سال کے آغاز پر ہی پٹرولیم مصنوعات اور بنیادی عوامی ضرورت کی اشیاءمیں اضافہ کر دیا اور یہ سب کچھ آئی ایم ایف کے فرمودات کی تابعداری کا نتیجہ ہے جس سے حکومت قرض کی اگلی قسط کے حصول کے لیے ترلے لے رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ گزشتہ برس مافیاز نے خوب مال کمایا اب بھی ان کا راج ہے۔ پی ٹی آئی سے بہتری کی توقع خام خیالی، عوام اب وزیراعظم کے وعدوں اور دعووں پر ایک لمحے کے لیے بھی اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔ کیا مختلف سیاسی پارٹیوں اور ڈکٹیٹر کی ٹیم سے مستعار لئے گئے وزراء سے بہتری کی امید کی جاسکتی ہے؟، حکومت اسی دن ناکام ہو گئی تھی جس روز گھاٹ گھاٹ کا پانی پینے والے اس میں وزیر اور مشیر بن گئے۔ وزیراعظم نے حکومت کا آغاز ہی اپنے نظریہ کی نفی اور یوٹرن سے کیا۔ سونامی اب ناکامی، بدنامی کے بعد بےرحمی کا نشان بن چکا ہے۔ بھارتی اینکر کی واٹس ایپ لیک سے انڈیا کا شرمناک چہرہ ایک دفعہ پھر پوری دنیا کے سامنے آگیا۔ عالمی برادری پلوامہ ڈرامہ کا نوٹس لے۔ پاکستانی حکمران نئی دلی کے خلاف مدافعانہ حکمت عملی تبدیل کرکے مودی کو اسی کی زبان میں جواب دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ملتان سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی پارٹیوں کے سابقہ امیدواران سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر رانا ساجد اسماعیل، رائے سلیم کھرل، آصف علی راجپوت نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا، جس کا سراج الحق نے خیرمقدم کرتے کہاکہ جماعت اسلامی ایک مکمل جمہوری، نظریاتی اور پروگریسو جماعت ہے جس کے دروازے ہر کسی کے لیے کھلے ہیں۔ ملک کے لیے جماعت اسلامی ہی بہترین آپشن ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ دئیے۔ سال کے آغاز پر ہی پٹرولیم مصنوعات اور بنیادی عوامی ضرورت کی اشیاءمیں اضافہ کر دیا اور یہ سب کچھ آئی ایم ایف کے فرمودات کی تابعداری کا نتیجہ ہے جس سے حکومت قرض کی اگلی قسط کے حصول کے لیے ترلے لے رہی ہے۔ ایک طرف جناب وزیراعظم خوش حالیوں اور کامیابیوں کی نویدیں سنا رہے ہیں دوسری طرف غیر ملکی اداروں، ممالک اور کمپنیوں تک سے قرض پر قرض لیا جا رہا ہے۔ ادارے تباہ ہوگئے اور عوام سڑکوں پر ہیں۔ پی آئی اے ملک کا فخر تھی ماضی کی حکومتوں نے اس کی اینٹ اینٹ اکھاڑی موجودہ حکومت نے پوری عمارت کو ہی زمین بوس کردیا۔ اب ہمارے طیاروں کو بھی باہر روک لیا جاتا ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ پی ٹی آئی سے تبدیلی کی توقع عبث ہے۔ عوام اب وزیراعظم کے دعووں پر پریشان ہو جاتے ہیں کہ خدانخواستہ کوئی نئی آفت آسکتی ہے۔ پچھلے برس وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے دعوے کیے تھے کہ خوشحالی آئے گی۔ پاکستان کی تاریخ میں شاید سب سے زیادہ بحران اور سکینڈلز پچھلے برس ہی آئے۔ اس سال کے آغاز پر وزیراعظم نے پھر اسی خوشحالی کا دعویٰ کیا ہے عوام فکر مند ہیں کہ اب خدانخواستہ مزید کس امتحان سے گزرنا پڑے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ملک کو ایڈہاک بنیادوں پر کب تک چلایا جا سکتا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی نالائقی، نااہلی، عوام دشمنی اور جھوٹ پوری طرح آشکار ہو گئے۔ موجودہ سیٹ اپ بھی ماضی کا تسلسل ہے۔ اب حکمرانوں کو مزید ڈھیل نہیں دیں گے۔ قرآن و سنت کی روشنی میں بننے والی حکومت ہی عام آدمی کے حقوق کا تحفظ کر سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد نظام کو تبدیل کرنے کے لیے ہے۔


خبر کا کوڈ: 910734

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910734/حکومت-کی-نالائقی-نااہلی-عوام-دشمنی-اور-جھوٹ-پوری-طرح-آشکار-ہو-گئے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org