QR CodeQR Code

پاکستان خطے میں تمام اقلیتوں کے تحفظ کیلئے مثالی ملک ہے، پیر نورالحق قادری

17 Jan 2021 21:20

جامعہ اشرفیہ پشاور میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ہمارے محترم مولانا فضل الرحمٰن صاحب ملک کو لوٹنے والی سیاسی جماعتوں کی پشت پر کھڑے ہوگئے ہیں اور انہیں تحفظ دینے کیلئے میدان عمل میں ہیں، جو کہ کسی طور پر بھی نہ اُنکی مذہبی پارٹی کا منشور ہے اور نہ قوم کے دیئے ہوئے منڈیٹ کا تقاضا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مذہبی اُمور ڈاکٹر پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ ملک کو چند مفاد پرست سیاسی قوتیں عدم استحکام کا شکار کرنے پر تُلی ہوئی ہیں، پاکستان خطے میں تمام اقلیتوں کے تحفظ کیلئے مثالی ملک ہے۔ جامعہ اشرفیہ پشاور میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے پیر نورالحق قادری نے کہا کہ پاکستان کو لوٹنے والے افراد، ادارے اور سیاسی جماعتیں کسی رعایت کی مستحق نہیں ہیں، مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے محترم مولانا فضل الرحمٰن صاحب ملک کو لوٹنے والی سیاسی جماعتوں کی پشت پر کھڑے ہوگئے ہیں اور انہیں تحفظ دینے کیلئے میدان عمل میں ہیں۔

جو کہ کسی طور پر بھی نہ اُنکی مذہبی پارٹی کا منشور ہے اور نہ قوم کی دیئے ہوئے منڈیٹ کا تقاضا ہے، بلکہ بحیثیت مذہبی جماعت کے رہنماء کے وہ قوم کے مینڈیٹ اور اپنی جماعت کے منشور سے انحراف کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہمارے وزیراعظم عمران خان نے OIC اور UN کے پلیٹ فارم پر اسلام اور پاکستان کا مقدمہ جس جرات اور بہادری سے لڑا ہے اور اسلامک فوبیا کا جس دلیل سے مقابلہ کیا ہے، یہ پوری اسلامی دُنیا کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے، ان شاء اللہ ہماری حکومت تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کی رہنمائی کیساتھ، ریاست مدینہ کو رولز ماڈل بنا کر پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنا کر اسے پوری دُنیا کیلئے ایک مثال بنائے گی۔


خبر کا کوڈ: 910735

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/910735/پاکستان-خطے-میں-تمام-اقلیتوں-کے-تحفظ-کیلئے-مثالی-ملک-ہے-پیر-نورالحق-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org