0
Sunday 17 Jan 2021 23:51

یوم شہادت بی بی فاطمۃ الزہراء (س) کے موقع پر کرم بھر میں مجالس کا اہتمام

یوم شہادت بی بی فاطمۃ الزہراء (س) کے موقع پر کرم بھر میں مجالس کا اہتمام
اسلام ٹائمز۔ دختر رسول (ص) خاتون جنت حضرت بی بی فاطمۃ الزہرا ؑ کے یوم شہادت کے موقع پر ضلع کرم کی مختلف امام بارگاہوں میں عزاداری اور مجالس کا اہتمام کیا گیا اور نیاز تقسیم کی گئی۔ پاراچنار شہر کی مرکزی امام بارگاہ، مجلس علمائے اہلبیت (ع) کے دفتر اور ضلع بھر کی دیگر امام بارگاہوں میں خاتون جنت، دختر رسولؐ اور مادر حسنین کریمینؑ کی شہادت کے موقع پر عزاداری کی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علامہ اخلاق حسین شریعتی، علامہ لائق حسین کاظم اور دیگر علمائے کرام نے بی بی فاطمۃ الزہرا ؑ کی سیرت و کردار اور زندگی پر روشنی ڈالی۔

علمائے کرام کا کہنا تھا کہ آپ سلام اللہ کی زندگی مختصر مگر عظیم اخلاقی و معنوی درس کی حامل تھی، آپؑ نے اپنے بابا مرسل اعظم شہنشاہ دو جہاںﷺ کے ہمراہ رہ کر اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانیاں دیں۔ آپ سلام اللہ علیہا کو پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سیدۃ النساء العالمین قرار دیا۔ علماء نے کہا کہ آپ کی سیرت، کردار اور اخلاق تمام مسلمان خواتین کیلئے مشعل راہ، جامع اور مکمل نمونہ حیات ہے۔ اس موقع پر عزاداروں نے سینہ زنی کرکے بی بی فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کو خراج عقیدت پیش کیا، بعد ازاں عزاداروں میں نیاز بھی تقسیم کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 910756
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش